Inquilab Logo

سعودی عرب،ایران میں سرمایہ کاری کا خواہشمند،مستحکم اور خوشحال خطے کا خواب

Updated: March 17, 2023, 12:04 PM IST | Riyadh

سعودی وزیر خزانہ محمد الجد عان کے مطابق ہمارا مقصد ایک ایسا خطہ بناناہے جو مستحکم ہو، بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے قابل ہو ، خوشحال ہو

Saudi Finance Minister Muhammad Abdullah Abdulaziz Al-Jadaan
سعودی وزیر خزانہ محمد عبدالله عبدالعزيز الجدعان

سعودی عرب نے ایران میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے اور اس کا مقصد خطے کو مستحکم بنانا بتایا ہے۔
  میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد عبدالله عبدالعزيز الجدعان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات  بحال ہونے کے بعد ایران میں سرمایہ کاری  کا  خواہشمند  ہے۔یاد رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے گزشتہ جمعہ کو سفارتی تعلقات بحال کرنے اور دونوں ممالک میں اپنے سفارتخانے دو ماہ کے اندر دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
  گزشتہ دنوں ایک کانفرنس کے بعد  محمد الجدعان  سے جب پوچھا گیا کہ سعودی عرب کب  ایران میں قابل ذکر سرمایہ کاری کا آغاز کرے گا؟ اس کے جواب میں الجدعان نے  پہلے اتنا کہا ،’’ جب میں کہوں گا، اس کے فوراًبعد۔‘‘
 سعودی وزیرخزانہ نے  اس کی تفصیل بتاتےہوئے کہا ،’’ ہمارا مقصد ایک ایسا خطہ  بناناہے جو مستحکم ہو، بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے قابل ہو ، خوشحال ہواور ایسی کوئی وجہ نہیں کہ یہ مقصد حاصل نہ ہو۔ ایران ہمارا پڑوسی ہے اور آنے والے سیکڑوں سال تک پڑوسی رہے گا۔ایران میں بڑے مواقع ہیں اور ہم    بڑے مواقع فراہم کرتے ہیں ،  جب تک خیرسگالی جاری رہے۔‘‘
 محمد الجدعان کا کہنا تھا ،’’ جب تک فریقین ،خود مختاری کا احترام اور مداخلت سے گریز کے معاہدوں کی پاسداری کریں گے تب تک کوئی وجہ نہیں ہےکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر نہ آئیں۔ مجھے  کوئی رکاوٹ نظر نہیں آرہی ہے۔‘‘ 
 قبل ازیں سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز کی  صدارت میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے بتایا کہ سعودی عرب عالمی سطح پر کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔سعودی عرب مسائل کے سیاسی حل ، مذاکرات کے ذریعے تنازعات  ختم کرنے کے موقف اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے کوشاں رہے گا۔ کابینہ نے بیجنگ میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے معاہدے  سے متعلق امید ظاہر کی کہ ایران  سے بامقصد مذاکرات جاری رہیں گے جس سے دونوں ملکوں اور خطے کو فائدہ پہنچے گا، عوام کےمفاد پورے ہوں گے ۔ علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی میں استحکام پیدا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK