• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امیت شاہ کاپونے دورہ، اجیت پوار کے مجسمے کی نقاب کشائی کی

Updated: November 17, 2026, 9:27 AM IST | Pune

کہا کہ اجیت پوارایک صاف گو، نڈر اور دور اندیش لیڈر تھے ، سیاسی معاملات پر گفتگو کے دوران ان کی بات ہمیشہ واضح اور دو ٹوک ہوتی تھی۔

Amit Shah, Chief Minister Fadnavis, Deputy Chief Ministers Shinde, And Sunetra Pawar.Photo:INN
امیت شاہ ، وزیراعلیٰ فرنویس ، نائب وزراء اعلی شندے اور سونیترا پوار- تصویر:آئی این این
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پونے ضلع پریشد میں آنجہانی اجیت پوار کےمجسمے کی نقاب کشائی کی اور ضلع پریشد کے داخلہ دروازے کو ان کے نام سے منسوب کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور مرکزی وزیر مملکت برائے تعاون مرلی دھر موہول بھی موجود تھے۔ 
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اس تقریب میں آنجہانی اجیت پوار کی شخصیت او ران کے طریقہ کار کو یاد کرتے ہوئے اپنے تعلق کو بیان۔امیت شاہ نے کہا کہ ’’ مہاراشٹر میں اجیت پوار کے مہایوتی اتحاد میں شامل ہونے سے حکمراں اتحاد کو استحکام ملا تھا۔ اجیت پوارایک صاف گو، نڈر اور دور اندیش لیڈر تھے ۔ سیاسی معاملات پر گفتگو کے دوران ان کی بات ہمیشہ واضح اور دو ٹوک ہوتی تھی۔‘‘
 
 
امیت شاہ نے کورونا وباء کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جب ریاست کے وزیر اعلیٰ(ادھو ٹھاکرے) سے رابطہ کرنا تقریباً ناممکن تھا، تب اجیت پوار سیکریٹریٹ میں فون پر ہمیشہ دستیاب رہتے تھے اور راحت و امدادی کاموں کو سرگرمی کے ساتھ آگے بڑھاتے تھے۔انہوں نے بارامتی کی ترقی میں اجیت پوار کی گہری دلچسپی اور ان کے تعاون کے ساتھ ساتھ کوآپریٹیو سیکٹر، جس میں شوگر ملیں، ڈیری یونین اور کوآپریٹیو بینک شامل ہیں، میں ان کے اہم کردار کا بھی ذکر کیا۔ امیت شاہ نے کہا کہ اجیت پوار کا غیر متوقع انتقال مہاراشٹر کیلئے  ایک بہت بڑا اور کبھی نہ پورا ہونے والا نقصان ہے، کیونکہ وہ صرف میرے قریبی دوست ہی نہیں بلکہ ایک ساتھی بھی تھے۔انہوں نے کہا، ’’آج بھی مجھے یقین نہیں آتا کہ وہ ہمارے درمیان نہیں رہے۔ ان کا ہمیشہ مسکراتا ہوا چہرہ میری آنکھوں کے سامنے آجاتا ہے۔ سیاسی معاملات پر گفتگو کے دوران دادا کا نظریہ ہمیشہ بہت واضح ہوتا تھا۔ ان کا جواب ہمیشہ صاف طور پر ’ہاں‘ یا ’نہیں‘ میں ہوتا تھا۔ وہ پوری طرح واضح سوچ رکھنے والے انسان تھے۔‘‘
اس موقع کو جذباتی قرار دیتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ سونیترا پوار نے اپنی تقریر میں کہا کہ انہوں نے اجیت پوار کی غیر معمولی تیز رفتاری سے کام کرنے کی صلاحیت، ترقی کے تعلق سے ان کی دوراندیشی اور عام شہریوں کے تئیں ان کی گہری حساسیت کو قریب سے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ جس لیڈر نے پونے ضلع کی ترقی کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کردی، آج اسی ضلع پریشد میں ان کے مجسمے کی نقاب کشائی ہو رہی ہے، جس کی کارکردگی اور ترقی کے لیے انہوں نے مسلسل کوششیں کی تھیں۔
 
 
این سی پی (اجیت پوار) کی قومی صدر اور مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سونیترا اجیت پوار نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ آنجہانی اجیت پوار کے ادھورے خوابوں کو پورا کرنے کے ساتھ ان کی ترقیاتی وراثت کو آگے بڑھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار کے نظریات اور اصولوں کو آگے لے جانے کیلئے وہ پوری مضبوطی کے ساتھ پُرعزم ہیں۔ 
سونیترا پوار نے بتایا کہ اجیت پوار وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا خصوصی احترام کرتے تھے۔ مہاراشٹر، زراعت، کوآپریٹو سیکٹر اور ترقی سے متعلق مختلف مسائل وہ مسلسل ان کے سامنے اٹھاتے اور ان کے حل کے لیے کوشش کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے اجیت پوار کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے پمپری چنچوڑ کی صفائی کے قومی سروے میں کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ان کی جانب سے منعقدہ۲۹؍ اجلاس کا خصوصی ذکر کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK