Updated: November 17, 2026, 7:01 PM IST
| Mumbai
مہاراشٹر میں تقریباً ۳۴؍ ہزار عدالتی ملازمین غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال پر بیٹھ گئے ہیں۔ ملازمین کے مطابق، تنخواہوں میں برابری سے متعلق مطالبات اور بارہا حکومت کو یاد دہانی کرانے کے باوجود مسئلہ حل نہ ہونے پر ہڑتال شروع کی گئی ہے۔ ملازمین کے مطالبات کو ججز ایسوسی ایشن کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی، جس سے اس احتجاج کو اور تقویت مل گئی ہے۔
فائل فوٹو۔ تصویر: آئی این این۔
مہاراشٹر اسٹیٹ جوڈیشل ایمپلائز فیڈریشن کی جانب سے منگل سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کئے جانے کے بعد ریاست بھر میں عدالتی کارروائیاں بری طرح متاثر ہونے کا امکان ہے۔ ہائی کورٹ کے ملازمین کے برابر تنخواہوں کے پیمانے (پے اسکیل) کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلعی اور ماتحت عدالتوں کے تقریباً ۳۴؍ ہزار ملازمین اس احتجاج میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس ہڑتال کا اثر سی ایس ٹی میں واقع ایسپلانیڈ میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ میں واضح طور پر دیکھا گیا، جہاں عام طور پر مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کی جانب سے گرفتار ملزمان کی تحویل (ریمانڈ) حاصل کرنے اور دیگر قانونی کارروائیوں کیلئے مقدمات کا مسلسل تانتا بندھا رہتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دھولیہ ریاست کا سب سے سرد شہر ، درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ درج کی گئی
عدالت سنسان نظر آئی، جہاں ۳۷؍ ویں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ڈی ایس کھیڈیکر بغیر کسی کارروائی کے ڈائس پر بیٹھے دکھائی دئیے، جبکہ وکلاء کمرۂ عدالت میں فارغ بیٹھے انتظار کرتے رہے۔ دریں اثنا، عدالتی عملہ احتجاج میں شرکت کیلئے آزاد میدان میں جمع ہو گیا تھا۔ اگرچہ تکنیکی طور پر میٹروپولیٹن مجسٹریٹ عدالتیں کھلی رہیں گی، لیکن عملے کی غیر موجودگی سے روزمرہ کے عدالتی کام کاج متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس میں ممبئی پولیس، کسٹمز، کرائم برانچ، ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی)، ریاستی ایکسائز ڈپارٹمنٹ، سی بی آئی اور چند پولیس اسٹیشنوں کی جانب سے گرفتار کئے گئے ملزمان کی ریمانڈ کارروائیاں بھی شامل ہیں۔ فیڈریشن کے ایک رکن نے کہا، ’’ہم پچھلے ایک سال سے احتجاج کر رہے ہیں۔ ابتدا میں ہم نے عدلیہ کو اپنی درخواستیں پیش کیں اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس سے بھی رابطہ کیا، جنہوں نے ہمیں مدد کی یقین دہانی کرائی تھی۔ تاہم، کئی ماہ گزر جانے کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ بار بار میمورنڈمز پیش کرنے اور کئی وفود سے ملاقاتوں کے بعد، اب ہم نے ریاست بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘ یہ فیڈریشن مجوزہ پے اسکیل پر نظرِ ثانی کی منظوری کیلئے ۱۶؍ ستمبر سے احتجاج کر رہی ہے۔ اس مطالبے کو اس وقت مزید تقویت ملی جب اکتوبر میں `مہاراشٹر اسٹیٹ ججز ایسوسی ایشن نے ملازمین کے مطالبے کی ’’مکمل اور غیر مشروط‘‘ حمایت کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھئے: مالیگاؤں: فضائی آلودگی کا تناسب بتانے والی اسکرین بند
ججز ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ضلعی اور ماتحت عدالتوں کے ملازمین عدالتی ریکارڈ کو محفوظ رکھنے، عدالتی انتظامیہ کو سنبھالنے اور دیگر متعلقہ عدالتی فرائض انجام دے کر انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کی ذمہ داریاں اور کام کا بوجھ بہت زیادہ ہے اور نظامِ انصاف کی مؤثر کارکردگی کا کافی حد تک انحصار ان کی خدمات پر ہے۔ ایسوسی ایشن نے تنخواہوں میں برابری کے مطالبے کو جائز، منصفانہ اور حق بجانب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’مساوی کام کیلئے مساوی تنخواہ ‘‘ کے اصول کے تحت عدالتی ملازمین کی تنخواہوں اور سروس کی شرائط کو ہائی کورٹ کے مساوی عہدوں پر کام کرنے والے ملازمین کے برابر لایا جانا چاہئے۔