اس عالمی مہم میں شامل شوبھانشوشکلا ’آئی ایس ایس‘ پر جانے والے پہلے اور راکیش شرما کے بعد خلا میں جانے والے دوسرے ہندوستانی ہوں گے
EPAPER
Updated: June 10, 2025, 11:14 PM IST | New Delhi
اس عالمی مہم میں شامل شوبھانشوشکلا ’آئی ایس ایس‘ پر جانے والے پہلے اور راکیش شرما کے بعد خلا میں جانے والے دوسرے ہندوستانی ہوں گے
بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کیلئے روانہ کئے جانے والے’ایکسیوم،۴‘ مشن کو خراب موسم کی وجہ سے ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اب اسے۱۱؍ جون کو ہندوستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے لانچ کیا جائے گا۔’انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن‘ (اسرو) نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ یہ جانکاری فراہم کی ہے۔’اسرو‘ چیف وی نارائنن نے کہا کہ فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے ’اسپیس ایکس‘ کے ’فالکن نائن‘ راکٹ کی لانچنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔یہ تیسرا موقع ہے جب اس کی لانچنگ ملتوی کی گئی ہے۔ اس سے قبل یہ مشن۲۹؍ مئی کو لانچ کیا جانا تھا، بعد میں اسے۸؍ جون کوشیڈول کیا گیا اور پھر۱۰؍جون کو شام میں ساڑھے پانچ بجے اسے روانہ کرنے کی بات کہی گئی۔ اہم بات یہ ہے کہ اس مہم میں ایک ہندوستانی خلا باز بھی ہیں۔
اس مہم میں۴؍ ممالک کے۴؍ خلاباز۱۴؍ دنوں کیلئے خلائی اسٹیشن پر جا رہے ہیں۔ ہندوستانی خلاباز’ شوبھانشو شکلا‘ آئی ایس ایس پر جانے والے پہلے اور خلا میں جانے والے دوسرے ہندوستانی ہوں گے۔ اس سے قبل راکیش شرما نے۱۹۸۴ء میں سوویت یونین کے خلائی جہاز سے خلا کا سفر کیا تھا۔’آئی ایس ایس‘ جانے سے پہلے، شوبھانشو شکلا نے اتوار کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فل ڈریس ریہرسل کی۔ اس مہم میں جانے سے قبل شوبھانشو نے کہا کہ’’ آپ کسی ایسی چیز کا حصہ بننے جا رہے ہیں جو بہت بڑی ہے۔ میں خوش قسمت ہوں جو اس کا حصہ بن رہا ہوں۔‘‘اس مشن کے عملے میں امریکہ کے علاوہ ہندوستان، پولینڈ اور ہنگری کے اراکین بھی شامل ہیں۔ سلااوج اُزنانسکی۱۹۷۸ء کے بعد خلا میں جانے والے پولینڈ کے دوسرے خلاباز ہوں گے۔ٹیبور کاپو۱۹۸۰ء کے بعد خلا میں جانے والے ہنگری کے دوسرے خلا باز ہوں گے۔امریکہ کے پیگی وٹسن کا یہ دوسرا ’کمرشیل ہیومن اسپیس فلائٹ مشن‘ ہے۔
اس تاریخی مشن کو ہند،امریکہ خلائی تعاون میں ایک اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔یہ قدم بڑے خلائی معاہدوں پر دستخط کرنے اور اسرو اور ناسا کے درمیان سیٹیلائٹ نیوی گیشن، زمین کے مشاہدے اور گہری خلائی تحقیق کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے ہم آہنگی کے بعد سامنے آئی ہے۔ سیٹیلائٹ کی لانچنگ کو یو ٹیوب پر لائیو کیا جائے گا۔
شوبھانشو شکلا کون ہیں؟
شوبھانشو شکلا کا تعلق لکھنؤ سے ہے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم سٹی مونٹیسری اسکول، علی گنج، لکھنؤ سے مکمل کی۔۱۲؍ویں کے بعد انہوں نے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (این ڈی اے) کا داخلہ امتحان پاس کیا اور گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔ ’این ڈی اے‘ جے این یو سے منسلک ہے۔ شوبھانشو کو۱۷؍ جون۲۰۰۶ء کو ہندوستانی فضائیہ کے فائٹر وِنگ میں شامل کیا گیا تھا۔ وہ ایک تجربہ کار فائٹر اور ٹیسٹ پائلٹ ہیں۔ ان کے پاس۲؍ ہزار گھنٹے سے زیادہ پرواز کا تجربہ ہے۔