Inquilab Logo

بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب میں دیگراپوزیشن پارٹیوں نے بھی نفرت کے خاتمے کا عزم کیا

Updated: January 31, 2023, 10:21 AM IST | srinagar

شدید برف باری میں کھلے آسمان کے نیچے راہل گاندھی کا خطاب، جذباتی تقریرمیں  اہل کشمیر سے اپنائیت کااظہار اورسیکولرازم نیزرواداری کی روایت کے تحفظ کا عہد کیا

Rahul Gandhi speaking during snowfall in Srinagar. (PTI)
راہل گاندھی سری نگر میں برف باری کے دوران خطاب کرتے ہوئے۔( پی ٹی آئی)

برف سے ڈھکےپہاڑ کے  پہلو میں واقع سری نگر کے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں پیر کو نفرت کی سیاست پراس وقت زبردست برف باری ہوئی جب اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں نےراہل گاندھی کے ساتھ ملک میں نفرت کی سیاست اور تشدد کے خلاف آواز بلند کی۔  یہاں بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب موسم کی قہر سامانیوں کے باوجود طے شدہ پروگرام  کے مطابق  ہوئی  جس میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے شدید برف باری میں کھلے آسمان کے نیچے کھڑے ہوکر شرکاء سے خطاب کیا۔
  راہل گاندھی نے پر عزم لہجے میں ملک سے نفرت کو ختم کرنے اور ملک کی سیکولر نیز رواداری پر مبنی اقدار کو بچانے کا عزم کیا۔اس موقع پر انہوں نے اہل کشمیر سے اپنائیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں متنبہ کیا گیاتھا کہ کشمیر میں  ان پر حملہ ہوسکتا ہے مگر اہل کشمیر نے انہیں  غیر معمولی محبت سے نوازا ہے۔ راہل گاندھی نے اس   موقع پر کشمیر  کے باشندوں  سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے  نشاندہی کی کہ چونکہ انہوں نے اپنے گھر کے افراد کو کھویا ہے اسلئے کشمیریوں کے درد کو سمجھ سکتے ہیں، امیت شاہ اور مودی اس درد کو سمجھنے کے قابل نہیں ہیں۔ 
   اختتامی تقریب میں ۲۳؍ پارٹیوں کو مدعو کیا گیا تھا مگر موسم کی خرابی کی وجہ سے کچھ پارٹیاں اپنے نمائندوں کو نہیں بھیج سکیں جبکہ کچھ نے سیاسی وجوہات کو ملحوظ رکھتے ہوئے شرکت سے گریز کیا۔ تقریب  میں کانگریس  صدر ملکارجن کھرگے ،پرینکا گاندھی ، ڈی ایم کے، جھارکھنڈ مکتی مورچہ، بی ایس پی، این سی، پی ڈی پی، سی پی آئی، آر ایس پی، آئی یو ایم ایل کےلیڈر شریک تھے۔راہل گاندھی نےاپنی تقریر میں ایک بار پھر اعادہ کیا کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘کے پس پردہ کوئی ذاتی مقصد نہیں  تھابلکہ وہ اس ملک میں نفرت اور تشدد کے خاتمہ کیلئے نکلے تھے۔راہل نےبی جے پی لیڈروں کو چیلنج کیا وہ جموں کشمیر میں اس طرح پیدل چل کر دکھائیں۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK