پونے ضلع میں انسداد دہشت گردی دستے کی بڑی کارروائی، دعویٰ ہے کہ یہ افراد پاکستان میں مقیم گینگسٹر شہزاد بھٹی کے رابطے میں آئے تھے۔
EPAPER
Updated: July 15, 2026, 9:14 AM IST | Pune
پونے ضلع میں انسداد دہشت گردی دستے کی بڑی کارروائی، دعویٰ ہے کہ یہ افراد پاکستان میں مقیم گینگسٹر شہزاد بھٹی کے رابطے میں آئے تھے۔
پاکستان سے جڑے دہشت گردی نیٹ ورک کے معاملے میںپونے ضلع میںبڑی کارروائی کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی دستے (اےٹی ایس) نے ۶۶؍ افراد سے پوچھ تاچھ کی ہے۔ اے ٹی ایس کے ذرائع نے بتایا کہ جن سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے ،ان کےپاکستان میں مقیم گینگسٹر شہزاد بھٹی سے رابطے میں ہونے کا شبہ ہے۔
اے ٹی ایس نے پونے ضلع میں منگل کی صبح تقریباً۷؍بجے ایک بڑی کارروائی شروع کی۔ یہ آپریشن پونے سٹی پولیس کمشنریٹ، پونے دیہی پولیس اور پمپری-چنچوڑ پولیس کمشنریٹ کے تعاون سے کیا گیا۔ اے ٹی ایس کا ماننا ہے کہ یہ تمام افراد کسی نہ کسی طریقے سے شہزاد بھٹی سے رابطے میں آئے تھے۔اس آپریشن سے پہلے گزشتہ ہفتے جمعہ کو مہاراشٹر اے ٹی ایس نے ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا تھا۔ اس کارروائی کے دوران، مہاراشٹر کے وزیر مملکت برائے داخلہ امور یوگیش کدم نے اعلان کیا کہ اے ٹی ایس نے۱۱۲؍ افراد کی شناخت کی ہے جن پر پاکستانی گینگسٹر شہزاد بھٹی یا اس کے نیٹ ورک سے تعلق ہونے کا شبہ ہے۔ ریاست بھر میں اے ٹی ایس کی ۱۴؍ یونٹوں نے ان افراد کے گھروں اور ٹھکانوں پرچھاپے مارے تھے۔تفتیشی ایجنسیو ں کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے معلوم ہوا ہے کہ شہزاد بھٹی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ہندوستانی نوجوانوں سے رابطے میں تھا۔ اس پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر انہیں ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر اکسانے کی کوشش کی تھی۔ذرائع کے مطابق تحقیقات صرف سوشل میڈیا رابطوں تک محدود نہیں۔
اے ٹی ایس مشتبہ مالیاتی لین دین کی بھی تحقیقات کر رہی ہے جو شہزاد بھٹی یا اس کے نیٹ ورک سے منسلک ہو سکتے ہیں۔ تفتیشی ایجنسیاں اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہی ہیں کہ آیا مشکوک رقوم ہندوستان میں بعض افراد کے کھاتوں میں منتقل کی گئیں یا ان کے ساتھ کوئی مالی لین دین ہوا یا نہیں۔