Inquilab Logo

لوکل ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں پر قدغن لگانے کی کوشش

Updated: March 04, 2024, 1:51 PM IST | Prasun Chaudhary | Mumbai

ٹکٹ خریدنے کی طرف راغب کرنے کیلئے ویسٹرن ریلوے کا ٹکٹ ونڈوکے اطراف کی جگہوں کوخوبصورت بنانے کا منصوبہ،مسافروں نےتنقید کی۔

Western Railway will beautify the area around the ticket counter. Photo: INN
ویسٹرن ریلوے ٹکٹ کاؤنٹر کے اطراف کی جگہ کو خوبصورت بنائے گی۔ تصویر : آئی این این

ریلوے انتظامیہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں پر قدغن لگانے کیلئے آئے دن کوشش کرتا رہتا ہے۔ اسی کوشش کے تحت ویسٹرن ریلوے نے اپنے اسٹیشنوں پر واقع ٹکٹ کھڑکیوں کو دیکھنے میں خوبصورت بنانے اور اطراف کے علاقوں میں جمالیاتی بہتری لانے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ٹکٹوں کی فروخت کو بڑھاوا دینا ہے اور ٹکٹ ونڈو کی جگہ کو زیادہ پُرکشش اور خوبصورت بنانا ہے۔ دریں اثنا وسیٹرن ریلوے کے اس اقدام کو مسافروں کی تنظیموں کی جانب سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹکٹ ونڈو کے اطراف کی جگہ کو دلکش بنانے کے بجائے مسافروں کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنا چاہئے اور موجودہ انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے پر توجہ دینا چاہئے۔ 
ویسٹرن ریلوے کے ڈویژنل ریلوے منیجر (ڈی آر ایم) نیرج ورما نے کہا ’’ویسٹرن ریلوے اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ سفر کے دوران ٹکٹ خریدیں۔ یہ ویسٹرن ریلوے کے’ `میرا ٹکٹ میرا ایمان‘ مہم کے تحت ہے۔ اس سال ٹکٹوں کی فروخت کو دیکھتے ہوئے، جو پچھلے سال کے مقابلے ۷؍فیصد زیادہ ہے، ریلوے بورڈ نے ہمارا ہدف بڑھا کر ۱۲؍ فیصد کر دیا ہے۔ ہم پُر اعتماد ہیں کہ ٹکٹ ونڈو کے اطراف کی جگہوں کو پُرکشش بنانے کے اقدام سے لوگوں کو ٹکٹ خریدنے کی ترغیب دینے میں مدد ملے گی۔ ‘‘
 دریں اثنا، ایک مسافر نے انقلاب کو بتایا کہ ٹکٹ کھڑکیوں اور اس کے اطراف کی جگہوں کو دیدہ زیب بنانے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ یہ ٹیکس دہندگان کے پیسوں کا ضیاع ہوگا۔ زیادہ اہم بات یہ ہے کہ موجودہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر کیا جائے۔ اگر کوئی ٹکٹ نہ خریدنے کا فیصلہ کرتا ہے تو وہ ٹکٹ نہیں خریدے گا چاہے ٹکٹ کی کھڑکی خوبصورت ہی کیوں نہ ہو۔ اس کے بجائے جس چیز کی ضرورت ہے وہ ہے لوکل ٹرینوں اور دیگر سروسز کی فریکوئنسی کو بہتر بنانا۔ ‘‘ ایک دیگر مسافر نے کہا کہ سیلف ٹکٹنگ مشینیں اکثر آؤٹ آف سروس رہتی ہیں۔ ٹکٹ کاؤنٹر کو خوبصورت بنانے کے بجائے مشینوں کو درست رکھنے پر توجہ دی جائے تو یہ زیادہ فائدہ مند ہوگا۔ 
ریل یاتری سنگھ کے سبھاش گپتا کے مطابق ’’ ریلوے ہمیشہ ناپسندیدہ چیزوں پر پیسے خرچ کرتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ٹیکس دہندگان کے پیسوں کو حقیقی ترقی کیلئے استعمال نہیں کیا جاتا اور یہ مایوس کن ہے۔ ریلوے انتظامیہ کو چاہئے کہ ویسٹرن لائن پر موجود اسٹیشنوں کا معائنہ کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ٹکٹ ونڈو کے اطراف کی جگہوں کو خوبصورت بنانے کا فیصلہ فی الحال ٹھیک نہیں لگتا۔ ہم کبھی بھی ترقی کے خلاف نہیں ہیں لیکن ترقی اچھے طریقے سے ہونی چاہیے۔ اس طرح نہیں کہ فنڈ ضائع ہو رہے ہوں۔ ریلوے کبھی بھی مسافروں کی حفاظت پر غور نہیں کرتا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK