احمد نگر میں شیوسینارکن اسمبلی امول کھتال کو تھپڑ مارنے کی سعی ناکام کی گئی، جبکہ اجیت پوار کے اوپر پیاز کی مالا پھینکنے والے کو پکڑ لیا گیا
EPAPER
Updated: August 29, 2025, 10:56 PM IST | Ahmednagar
احمد نگر میں شیوسینارکن اسمبلی امول کھتال کو تھپڑ مارنے کی سعی ناکام کی گئی، جبکہ اجیت پوار کے اوپر پیاز کی مالا پھینکنے والے کو پکڑ لیا گیا
بہار کی طرح شاید مہاراشٹر میں بھی لوگ برسراقتدار طبقے کے خلاف جارح ہوتے جا رہے ہیں۔ جمعرات کی رات جہاں شیوسینا (شندے) کے رکن اسمبلی امول کھتال کو تھپڑ مارنے کی کوشش کی گئی تو جمعہ کے روز نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی جانب پیاز کی مالا پھینکنے کی سعی کی گئی ۔ اتفاق سے یہ دونوں ہی واقعات احمد نگر میں پیش آئے ۔ دونوں مقامات پر پولیس نے حملے کی کوشش کرنے والوںکو گرفتار کر لیا ہے۔
رکن اسمبلی امول کھتال کو تھپڑ مارنے کی کوشش
اطلاع کے مطابق شیوسینا ( شندے) کے رکن اسمبلی امول کھتال جمعرات کی رات احمد نگر کے سنگم نیر تعلقے میں ’سنگم نیر فیسٹیول‘ پروگرا م میں شرکت کیلئے گئے تھے۔ پروگرام کے بعد کھتال وہاں جمع بھیڑ کو ہاتھ ہلا کر تہنیت پیش کر رہے تھے ، ان کے حامی بھی جواب میںہاتھ ہلا رہے تھے اسی وقت ایک نوجوان آگے بڑھا جیسے وہ ان سے ہاتھ ملانا چاہتا ہو۔ قریب پہنچ کر اس نے کھتال کو تھپڑ مارنے کی کوشش کی۔ خیر سے سیکوریٹی گارڈ نے فوری طور پر اسے روک لیا۔ نوجوان کا نام پرساد اپا صاحب گنجال بتایا جا رہا ہے جو سنگم نیر ہی کے کھانڈ گائوں کا رہنے والا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد امول کھتال کے حامی پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہو گئے اور نعرے لگانے لگے لیکن پولیس نے انہیں سمجھا بجھا کر واپس کیا۔ خود امول کھتال نے اپنے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں پولیس کو اپنا کام کرنے دیں۔ یاد رہے کہ کانگریس کے سینئر لیڈر بالا صاحب تھورات کا تعلق بھی احمد نگر سے ہے اور کھتال کی تھورات کے ساتھ کچھ دنوں قبل لفظی نوک جھونک ہوئی تھی۔ اس واقعے کو لوگ اس چپقلش کے پس منظر میں بھی دیکھ رہے ہیں۔
اجیت پوار پر پیاز کی مالا پھینکنے کی کوشش
اطلاع کے مطابق جمعرات کی رات امول کھتال پر ہوئے حملے کے بعد پولیس نے احمد نگر میں سیکوریٹی سخت کر دی تھی لیکن جمعہ کے روز اس سےبڑا واقعہ پیش آیا جب ایک سماجی تنظیم کے کارکنان نے یہاں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے اوپر بھرے جلسے میں پیاز کی مالا پھینکنے کی کوشش کی۔ ہرچند کہ ان کارکنان کو ایسا کرنے سے روک دیا گیا اور پولیس نے انہیں حراست میں بھی لے لیا لیکن ان واقعات کے بعد عوامی ناراضگی اور احمد نگر میں نظم ونسق کی صورتحال دونوں ہی زیر بحث ہے۔ اطلاع کے مطابق احمد نگر کے شری گودا تعلقے میں کسانوں کا ایک اجلاس تھا جس میں اجیت پوار خطاب کر رہے تھے۔ وہاں موجود کسان چاہتے تھے کہ اجیت پوار پیاز کے داموں پر بات کریں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر میں کہیں بھی پیاز کا نام تک نہیں لیا۔ اس پر ناراض وہاں موجود سمبھاجی بریگیڈ کے ۲؍ کارکنان اپنی جگہ سے اٹھے۔ ان میں سے ایک نے اپنے ہاتھ میں پیاز کی مالا لے رکھی تھی جسے اس نے ہوا میں گھمایا اور اسے اجیت پوار کی طرف پھینکنے ہی والا تھا کہ کچھ لوگوں نے اسے پکڑ لیا۔ ان دونوں کو فوراً پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ گرفتار کئے گئے لوگوں میں ایک سمبھاجی بریگیڈ کے ضلع صدر اروند کاپسے ہیں تو دوسرے تعلقہ صدر نانا شندے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں این سی پی (اجیت) کی ریاستی یوتھ ونگ کے صدر سورج چوہان نے لاتور میں سمبھاجی بریگیڈ کے کارکنان کی پٹائی کی تھی۔ اس کے بعد سے سمبھاجی بریگیڈ کے لوگ اجیت پوار اور ان کی پارٹی سے ناراض ہیں۔ حالانکہ جلسے میں موجود لوگوں کو کہنا ہے کہ کسان پیاز کے دام نہ بڑھنے کی وجہ سے سخت ناراض ہیں۔ یہ اسی کا اثر ہے۔