Inquilab Logo Happiest Places to Work

مساجد سے لاؤڈ اسپیکر اتروانے کے معاملے پرایک بار پھر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے ملاقات کی جائے گی

Updated: June 12, 2025, 2:03 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ریاستی حکومت میں شامل این سی پی کےرکن پارلیمان اور اراکین اسمبلی کی یقین دہانی ۔ ۴؍ جون کواین سی پی کے مسلم لیڈران اجیت پوار سے ملاقات کرچکے ہیں۔

Sunil Tatkare. Picture: INN
سنیل تٹکرے۔ تصویر: آئی این این

کورٹ کی جانب سے عبادت گاہوں میں لاؤڈ اسپیکرکے استعمال کرنے کی اجازت دی ہے، اس شرط پر دی گئی ہے کہ صوتی آلودگی کے قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔ لاؤڈ اسپیکر کی آواز طے شدہ ڈیسیبل سے کم رکھنے کے باوجود شہرو مضافات کے کئی علاقوں کی مساجد سے پولیس نے  لاؤڈ اسپیکر زبردستی اتروانا جاری رکھا ہے۔ اسی طرح کی شکایت گزشتہ روز چیتا کیمپ، کاندیولی ، باندرہ اور دیگر علاقوں سے بھی موصول ہوئی ہیں جس سےٹرسٹیان پریشان ہیں اور اب مسلم نمائندوں اور مسلم اکثریتی علاقوں سے منتخب ہونے والے نمائندوں سے سوال پوچھا جانے لگا ہے کہ آخر وہ کیا کر رہے ہیں ؟ یہ سوال خصوصاً  این سی پی ( اجیت پوار) کے نمائندوں سے پوچھا جارہا ہے جو حکومت میں شامل ہیں۔ انقلاب کے استفسار پر ان لیڈروں نے اس معاملے میں ایک بار پھر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے ملاقات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 
 حالانکہ اس ضمن میں اقتدار میں شامل این سی پی( اجیت پوار) کی پارٹی کے مسلم لیڈروں پر مشتمل ایک وفد نے ۴؍ جون کو نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے ملاقات کی تھی اور انہیں زمینی صورتحال سے آگاہ کیاتھا۔ اس ملاقات کےبعد بھی پولیس کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اسی ضمن نمائندہ انقلاب نے این سی پی ( اجیت پوار) کے لیڈروں سے رابطہ قائم کیا اور ان سے پوچھا کہ وہ اس ضمن میں کیا کر رہے ہیں ؟ جس پر کسی نے بتایاکہ ہم پولیس کی جانب سے جاری نوٹس اور دیگر تفصیلات حاصل کرکے دوبارہ نائب وزیر اعلیٰ  سے ملاقات کریں گے تو کسی نے یہ بتایاکہ اگر فوری ہمیں اس کی شکایت موصول ہو جائے تو ہم اس پر بات کر سکتے ہیں اور کسی نے یہ کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ اس تعلق سے بات چیت کر رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:نتیش رانے کی وجہ سے مہایوتی کی ہزیمت

مَیں چیک کرتا ہوں : سنیل تٹکرے
 پولیس کی اس دھاندلی کے خلاف این سی پی( اجیت پوار )  کے کارگزار صدر اور رکن پارلیمان سنیل تٹکرے سے رابطہ کرنے پر اور ان سے یہ پوچھنے پر کہ آپ بھی مسلم اکثریتی حلقہ انتخاب سے منتخب ہوتے ہیں تو مساجد سے لاؤڈ اسپیکر اتروانے کی پولیس کی کارروائی کے خلاف آپ کیا کر رہے ہیں ؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ’’ دراصل مَیں پارٹی کے یوم تاسیس کے پروگرام کی تیاریوں میں مصروف تھا، اس لئے اس جانب توجہ نہیں دے سکا البتہ مَیں معلوم کرتا ہوں۔ ‘‘ مزید استفسار کرنے پر انہوں نے کہا کہ’’ اس ضمن میں متعدد عوامی نمائندوں نے اجیت دادا پوار سے ملاقا ت کی تھی اور دادا نے بھی متعلقہ افسران سے بات کی تھی، البتہ مَیں چیک کر لیتا ہوں۔ ‘‘
نائب وزیر اعلیٰ سے دوبارہ ملاقات کیلئے وقت مانگا ہے: ثناء ملک
چیتاکیمپ کی رکن اسمبلی اور این سی پی ( اجیت پوار) کی ریاستی ترجمان ثناء ملک شیخ سے استفسار کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ’’اس ضمن میں مَیں پولیس کےذریعے جاری کردہ نوٹس حاصل کر رہی ہوں اور دیگر مسائل معلوم کر رہی ہوں۔ جہاں تک مجھے پتہ چلا ہے کہ مندر اور مساجد گویا سبھی عبادت گاہوں سے لاؤڈ اسپیکر اتروایاجارہا ہے۔ البتہ ضروری معلومات حاصل کرنے کے بعد مَیں نائب وزیر اعلیٰ اور ہماری پارٹی کے صدر اجیت دادا پوار سے ملاقات کیلئے وقت لینے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ انہیں اس بارے میں بتایا جائے۔ ‘‘
 جب ان سے پوچھا گیاکہ آپ لوگوں ( نواب ملک، ثنا ملک کے ساتھ ذیشان صدیقی اور نجیب ملا)نے ۴؍ جون کوبھی اجیت دادا سے ملاقات کی تھی لیکن اس کا کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے؟ توثناء ملک نے کہا کہ ’’ہم کوشش تو کر رہے ہیں۔ ایک بار پھر دادا سے بات کریں گے۔ ‘‘
مجھے بروقت بتائیں :ادریس نائیکواڑی 
 اس تعلق سے این سی پی ( اجیت پوار) کے لیڈر اور قانون ساز کونسل میں واحد مسلم ایم ایل سی ادریس نائیکواڑی سے استفسار کرنے پر انہوں نے بتایاکہ ’’پہلے اس طرح کی شکایتیں موصول ہوئی تھیں۔ اس کےبعد معاملہ رک گیا تھا۔ اگر حال فی الحال مساجد سے لاؤڈ اسپیکر اتروایا گیا ہے تو متعلقہ مسجد کے ذمہ داروں سے کہیں کہ مجھ سے جمعہ کو منترالیہ کے سامنے این سی پی( اجیت پوار) کے آفس میں صبح ۹؍ تا ۱۲؍ بجے ملاقات کر لیں۔ جب متاثرین آکر بات کریں گے تو اس بارے میں ہم متعلقہ وزیر یا افسر سے بات کر سکیں گے۔ ‘‘انہوں نےکہا کہ اس ضمن میں موبائل نمبر ۹۸۲۲۶۱۲۳۳۳؍ پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK