نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کنٹرول روم سے حالات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں
EPAPER
Updated: August 21, 2025, 12:00 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کنٹرول روم سے حالات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں
گزشتہ ۳؍ دنوں سے ریاست کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش سے جہاں ایک جانب نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے وہیں دوسری جانب متعدد باندھ کی حفاظت کے لئے ان سےبھی بڑی مقدار میں پانی چھوڑا جارہا ہے جس سے ان کے آس پاس کے گاؤں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔ بدھ کو صبح نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے منترالیہ کے پہلے منزلہ پر واقع ریاست ڈیزاسٹرمینجمنٹ کنٹرول کا دورہ کیا اور وہاں پر لگے ہوئے سی سی ٹی وی اسکرین سے ریاست کے مختلف اضلاع کی سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے ضلع ، شہر انتظامیہ اور راحتی ایجنسیوں کو الرٹ رہنے اور تیزی سے راحتی کام کرنے کی ہدایات دیں۔
اس موقع پر انہوں نے کنٹرول روم میں موجود افسران سے ممبئی شہر اور مضافات ممبئی ضلع ، تھانے، پالگھر، رائے گڑھ، رتناگیری، سندھو درگ ، ناندیڑ اور ریاست میں بارش سے متاثرہ دیگر علاقوں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی معلومات لی۔
ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کا دورہ کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آنے والے دنوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، اسی اعتبار سے ضلعی انتظامیہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم اور بلدیاتی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوںنے کہا کہ وقتاً فوقتاً وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس،نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور مَیں ہم ریاست میں سیلابی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
اجیت پوار نے کہا کہ متعلقہ افسران کو ہدایات دی گئی ہیںکہ سیلاب یا لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے خطرے میں پڑنے والے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کو بچاؤ اور راحت کے کاموں کے لئے تیار رکھا جائے۔بارش سے فصلوں، مکانات یا دیگر نقصانات کا فوری سروے کر کے حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے۔انہوںنے یہ بھی ہدایت دی کہ تمام محکموں کو تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہئے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ضروری خدمات جیسے اسپتال، اسکول، پناہ گاہیں، سڑکیں، پل، بجلی اور پانی کی فراہمی میں خلل نہ پڑے۔
۶؍اضلاع میں اونچی طغیانی
انڈین نیشنل اوشین انفارمیشن سروس(آئی این او آئی ایس) نے ممبئی شہر، ممبئی کے مضافاتی علاقوں، تھانے، رائے گڑھ، پالگھر، رتناگیری اضلاع کیلئے ۲۱؍ اگست کو ۴ء۳؍ سے ۴ء۴؍ میٹر اونچی لہروں کی وارننگ جاری کی ہے۔ اسی دوران سندھ کے ضلع میں ۴ء۴؍ میٹر اونچی طغیانی آئے گی۔ اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا ہے کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو اس دوران الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ریاست کے رائے گڑھ اور پونے گھاٹ، نندربار، ناسک گھاٹ، پالگھر، تھانے، ممبئی شہر، ممبئی کے مضافاتی علاقوں، ستارا گھاٹ، رتناگیری، کولہا پور گھاٹ علاقوں میں موسلادھار بارش ہونے کی پیش گئی کی گئی ہے ۔
رتناگیری ضلع میں جگبوڈی، رائے گڑھ ضلع میں امبا اور ساوتری ندیاں خطرے کی سطح اوپر بہہ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ رتناگیری ضلع میں کجالی اور کوداولی ندیوں نے وارننگ لیول کو عبور کر لیا ہے، اس لیے ضلع انتظامیہ نے شہریوں کو ہوشیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔