غربت اور محدود وسائل کے باوجود ۲۲؍ سالہ نوجوان نے اپنی کامیابی سے مزدور اور متوسط طبقے میں نئی امید اور حوصلہ بھر دیا
یش کیشرونی(دائیں) اپنے والد کے ساتھ دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر:آئی این این
غربت، محدود وسائل اور کرایے کے چھوٹے سے کمرے میں گزر بسر کرنے کے باوجود اگر جذبہ، محنت اور والدین کی دعائیں ساتھ ہوں تو منزل کہیں دور نہیں رہتی۔ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بننے والے یش کیشرونی کی حالیہ کامیابی اس بات کی زندہ مثال ہے۔ اس ۲۲؍ سالہ نوجوان نے نہ صرف شہر بلکہ مزدور اور متوسط طبقے کے گھروں میں نئی امید اور حوصلہ بھر دیا ہے۔یش کی کامیابی نے یہ ثابت کردیا ہے کہ حالات خواہ کتنے ہی سخت کیوں نہ ہوں، اگر ارادہ مضبوط ہو اور والدین تعلیم کیلئے قربانیاں دیں تو منزل ضرور ملتی ہے۔
یہی وہ جذبہ ہے جس نے آٹو رکشا ڈرائیور گنیش لال کیشرونی کے گھر کو خوشیوں سے بھر دیا۔گنیش لال کیشرونی، گزشتہ ۳۵؍برسوں سے بھیونڈی میں آٹو رکشا چلا کر اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالتے آئے ہیں۔ ۱۹۸۷ءمیں روزگار کی تلاش میں اترپردیش کے پرتاپ گڑھ سے یہاں آئے تھے۔ حالات محدود تھے، کمائی محدود تھی، مگر بچوں کی تعلیم کے خواب بڑے تھے۔ آج انہی خوابوں کی تعبیر یش کی شکل میں ان کے سامنے ہے، جو حال ہی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (سی اے) بن کر ابھرا ہے۔
یش نے اپنی پڑھائی شہر کے پی آر اسکول (مراٹھی میڈیم) سے شروع کی اور پھر سوئم سددھی متر سنگھ کالج سے گریجویشن مکمل کیا۔ گھر میں تنگی کے باوجود والدین نے کبھی اسے پڑھائی چھوڑنے نہیں دی۔ یش نے بھی دن رات محنت کرکے سی اے امتحان کی مشکل راہیں عبور کیں۔
اپنی کامیابی پر یش کہتا ہے کہ ’’میرے والدین نے اپنی زندگی کی ہر سہولت قربان کرکے مجھے پڑھایا۔ انہی کی دعاؤں اور حوصلے نے یہ دن دکھایا ہے۔‘‘گنیش لال کیشرونی اپنے بیٹے کی اس کامیابی پر جذباتی ہوکر کہتے ہیں کہ ’’ہم نے ہمیشہ سوچا تھا کہ بچے پڑھ کر آگے بڑھیں۔ غربت نے روکا ضرور، مگر ہم جھکے نہیں۔ آج یش نے پورے خاندان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔‘‘
یش کی کامیابی نہ صرف اس کے گھر کی فتح ہے بلکہ شہر کے ان والدین کے لئے روشن مثال ہے جو دن رات محنت کرکے اپنے بچوں کا مستقبل بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس نے ثابت کیا ہے کہ تعلیم میں سرمایہ کاری کبھی رائیگاں نہیں جاتی اور محنت کبھی بے قدر نہیں رہتی۔یہ کہانی اس پیغام کے ساتھ ختم نہیں ہوتی بلکہ آغاز کرتی ہے ان بے شمار خوابوں کا جو چھوٹے گھروں میں پلتے ہیں اور بڑی منزلیں حاصل کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔