۱۹۹۱ء میں قائم کئے گئے برانڈ کے تحت آپ کو مردوں اورخواتین کیلئے ملبوسات کے ساتھ مختلف انداز کے بیگ،بیلٹ، والیٹ اورگھڑیاں بھی ملتی ہیں
لوئرپریل کےفنکس مال میںواقع ارمانی ایکسچینج کے اسٹور کی تصویر جس میں وہاں کی مصنوعات بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔ تصویر:آئی این این
فیشن کی دنیا میں کچھ نام ایسے ہوتے ہیں جن کے تذکرے سےہی نفاست کی خوشبو اُٹھتی ہے، انداز بولنے لگتا ہے اور شخصیت کی تراش خراش خود سامنے آ جاتی ہے۔ جیورجیو ارمانی انہی چند ناموں میں سےہے۔ لیکن ان کی وسیع و عریض سلطنت میں ارمانی ایکسچینج یااے | ایکس وہ دروازہ ہے جو نوجوان دلوں، شہری مزاج رکھنے والے خریداروں اور اسٹائل کو اپنی دھڑکن میں سمونے والوں کی طرف کھلتا ہے۔یہ برانڈ فیشن کا وہ رنگ ہے جو نہ خالص کلاسیکی ہے اور نہ بے راہ جدیدیت کا شکار۔یہ ایک ایسا سنگم ہے جس میں اٹلی کی شائستگی، نیویارک کی رفتار اور ملینیم کے بعد کے نوجوانوں کی بے باکی یکجا ہے۔
آغاز اور بنیاد
۱۹۹۱ءمیںاس کا آغاز اُس وقت ہوا جب معروف اطالوی ڈیزائنر جورجیو آرمانی نے ایک ایسا برانڈ تخلیق کرنے کی ٹھانی جو نوجوان طبقے کے فیشن اور طرز زندگی کے لیے موزوں ہو۔مقصدتھا کہ جیورجیو ارمانی کے اس کلاسیکی، مہنگے اور خاص طبقے تک محدود تصورِ فیشن کو ایک نئے دائرےتک لے جایا جائے،جہاں نوجوان خریدار ہوں، جہاں قیمت نسبتاً مناسب ہو، جہاں اسٹائل میں جدّت اور خود اعتمادی جھلکے۔
جیورجیو ارمانی نے اس کے ذریعے ایک طرح سے اپنے فیشن فلسفے کا عوامی ایڈیشن دنیا کو دیا۔ گویا یہ ان کی تخلیقی سوچ کا وہ باب ہے جس میں شہر کی گلیاں، نائٹ لائف کی روشنیاں اور جدید نوجوان کی بے ساختہ جمالیات شامل ہیں۔
ارمانی ایکسچینج نے اپنی پہلی جھلک مین ہیٹن کے اسٹور سے دکھائی اور آج یہ دنیا بھر میں۳۱؍ملکوں میں۲۷۰؍سے زائد اسٹورز کے ساتھ ایک عالمی فیشن ہب بن چکا ہے۔
یہاں کیا ملتا ہے
ارمانی ایکسچینج میں آپ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق منفرد ڈیزائن،اعلیٰ معیار اور عملی استعمال کاحسین امتزاج ملے گا۔ مرد و خواتین کے کپڑے، جوتے، گھڑیاں اور دیگر لوازمات آرام دہ ہونے کےساتھ ساتھ جذباتی طور پر بھی ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ چاہے مصروف شہرکی گلیوں میں گھومنا ہو یا دوستوں کے ساتھ شام گزارنی ہو، ارمانی ایکسچینج کے لباس ہر موقع پر آپ کا ساتھ دیتے ہیں۔
یہ برانڈ ہر سال کے موسموں کے مطابق نئے انداز اور فیشن کے میلان روشنی میں لاتا ہے، جو ہر نظر کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ ارمانی ایکسچینج نے نوجوانوں کے لیے فیشن کو صرف لباس تک محدود نہیں رکھا بلکہ یہ ایک مکمل طرز زندگی، خود اعتمادی اور جدید دور کی ترجمانی بھی ہے۔
ہندوستان میں موجودگی
ہندوستان میں ارمانی ایکسچینج کی موجودگی پچھلے چند برسوں میں تیزی سے بڑھی ہے۔ممبئی، دہلی، بنگلورو، حیدرآباد، چندی گڑھ، پونےجیسے شہروں میں اس کے اسٹور نہ صرف خریداری کی جگہ ہیں بلکہ ایک طرزِ زندگی کی تشہیر بھی۔
ہندوستانی نوجوان اس برانڈ کو پسند کرتے ہیں کیونکہ یہ بین الاقوامی فیشن کا حصہ ہے مگر انتہائی مہنگا نہیں،اس کے ڈیزائن، پارٹی، کالج اور کیجول ہر موقع کے لیے موزوں ہیں۔اسٹائل میں ’خاموش دولت‘ اور ’شہری بے باکی‘ دونوں یکجا ہیں۔
ممبئی میں خریداری
ممبئی میں ارمانی ایکسچینج کے ۴؍مقامات پر شاندار اسٹور موجود ہیں جن میں سے ایک اسٹور لوئر پریل کے پلاڈیم مال میں، بی کے سی کے جیو ورلڈ ڈرائیو میں،ملاڈ کے انفنیٹی مال میں اور چوتھا اسٹور ممبئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل ۲؍ پر موجود ہے۔
اس کے علاوہ اس برانڈکی زیادہ تر مصنوعات آن لائن بھی خریدی جاسکتی ہیں۔ اس کیلئے آپ کو آجیو، منترا، ٹاٹا کلک لگژری جیسے آن لائن اسٹورز پر جانا ہوگا جہاں اس کی مصنوعات آسانی سے دستیاب ہیں۔