Updated: May 13, 2026, 4:07 PM IST
| Los Angeles
’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ کی شاندار تھیٹر کامیابی کے بعد اب فلم او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ جیمس کیمرون کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سائنس فکشن فلم کو دنیا بھر میں زبردست پذیرائی ملی اور اس نے باکس آفس پر تقریباً ۵ء۱؍ بلین ڈالر کمائے۔ فلم ۲۴؍ جون کو ڈزنی پلس پر دستیاب ہوگی۔
’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ جو جیمس کیمرون کی مشہور ’’اوتار‘‘ فرنچائز کی تیسری قسط ہے، اب اپنی کامیاب تھیٹر رن کے بعد او ٹی ٹی پر ریلیز کے لیے تیار ہے۔ ۱۳؍ مئی کو فلم کے بنانے والوں نے اعلان کیا کہ ناظرین ۲۴؍ جون سے ڈزنی پلس پر پنڈورا کی دنیا اور سلی خاندان کے سفر کو دوبارہ دیکھ سکیں گے۔ سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اعلان میں کہا گیا ہے کہ ’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ ۲۴؍ جون سے ڈزنی پلس پر۔‘‘ یہ فلم ۱۹؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی اور تقریباً چھ ماہ تک بڑے پردے پر شاندار کارکردگی دکھاتی رہی۔
یہ بھی پڑھئے : سونل چوہان پنجابی فلم انڈسٹری میں اپنے سفر کے تعلق سے پُر جوش
اگر اس کا موازنہ ’’اوتار: دی وے آف ویٹر‘‘ سے کیا جائے تو اس بار تھیٹر اور اسٹریمنگ ریلیز کے درمیان وقفہ نسبتاً زیادہ رکھا گیا۔ فلم کی کہانی جیک سلی اور نیتری کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے بیٹے نیتیم کی موت کے بعد خاندان کو محفوظ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کہانی تقریباً ایک سال بعد شروع ہوتی ہے، جہاں سلی خاندان میٹکائینا قبیلے کے درمیان رہ رہا ہوتا ہے، لیکن حالات اس وقت بدل جاتے ہیں جب ’’ایش پیپل‘‘ نامی ایک نیا اور خطرناک قبیلہ منظر پر آتا ہے۔ اس نئے قبیلے کی قیادت اوونا چیپلن، ورنگ کے کردار میں کرتی ہیں جبکہ ڈیوڈ تھویلس بھی فرنچائز میں پہلی بار شامل ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے : سونل چوہان پنجابی فلم انڈسٹری میں اپنے سفر کے تعلق سے پُر جوش
فلم کی مرکزی کاسٹ میں سیم ورتھنگٹن، زوئی سلڈانا، سیگورنے ویور، اسڈیفن لینگ، کیم ونسلیٹ، بیلی باس، بریٹن ڈالٹن، ٹرینٹی بلس، جیک چیمپئن اور ایڈی فالکو شامل ہیں۔ فلم نے عالمی باکس آفس پر تقریباً ۵ء۱؍ بلین ڈالر کمائے، جس نے اسے ۲۰۲۵ء کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہالی ووڈ فلموں میں شامل کر دیا۔ اس کامیابی نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ ’’اوتار‘‘ فرنچائز اب بھی عالمی ناظرین کے لیے غیر معمولی کشش رکھتی ہے۔
۲۰۰۹ء میں ریلیز ہونے والی پہلی ’’اوتار‘‘ نے سنیما کی دنیا میں انقلاب برپا کیا تھا، جبکہ ۲۰۲۲ء میں ریلیز ہوئی ’’اوتار: دی وے آف واٹر‘‘ نے بھی ریکارڈ توڑ کامیابی حاصل کی۔ اب جیمس کیمرون نے فرنچائز کے اگلے ابواب کی بھی تصدیق کر دی ہے۔ ’’اوتار ۴‘‘ کو ۲۰۲۹ء اور ’’اوتار ۵‘‘ کو ۲۰۳۱ء میں ریلیز کرنے کا منصوبہ ہے۔ خیال رہے کہ ’’اوتار‘‘ سیریز جدید ہالی ووڈ کی سب سے بڑی اور منافع بخش فرنچائزز میں شمار ہوتی ہے، اور ’’فائر اینڈ ایش‘‘ کی او ٹی ٹی ریلیز بھی دنیا بھر میں کروڑوں ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔