Inquilab Logo

باندرہ: قیصر کالج کے طلبہ نے نکڑ ناٹک کے ذریعہ عوام کو ووٹنگ کا پیغام دیا

Updated: April 25, 2024, 8:50 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

الیکشن کمیشن کے افسران ، کلکٹر، بی ایم سی اور نرمل نگر پولیس اسٹیشن کے زیر اشتراک پیش کئے جانے والے نکڑ ناٹک میں طلبہ اور اساتذہ نے نہ صرف عوام کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا بلکہ ہر قیمت پر حق رائے دہی کی اپیل کی۔ طلبہ کی کوششوں کی ستائش کی گئی

A team of students, teachers and others from Kaiser College can be seen after Naknatak in Bandra East
باندرہ مشرق میں نکڑناٹک کے بعد قیصر کالج کے طلبہ کی ٹیم ، اساتذہ اور دیگر افراد دیکھے جاسکتے ہیں

ووٹنگ کے تئیں سماج میں بیداری پیدا کرنے اور  حق رائے دہی کی اہمیت اور ضرورت سے واقف کرنے کیلئے  قیصر کالج کی جانب سے بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔ا سکے تحت کالج کے ۱۲؍ طلباء اور طالبات اور ڈگری کالج کے ۲؍ اساتذہ  نے بدھ کے روز باندرہ ریلوے اسٹیشن ( مشرق) میں نکڑ ناٹک پیش کرکے سماج کو بیداری کا پیغام دیا ۔  طلبہ اور کالج  نکڑ ناٹک کے ذریعہ عوام اور خصوصی طو ر اقلیتی طبقہ سے ہر حال میں ووٹ کرنے کی اپیل کا سلسلہ شروع کیا ہے۔  خیال رہے کہ قیصر کالج کے چیئر مین، اساتذہ اور طلباء و طالبات نے الیکشن کمیشن کے افسران ، ڈسٹرکٹ کلکٹر ، بی ایم سی اور پولیس کے زیر اشتراک نکڑ ناٹک کے ذریعہ بیداری مہم کا آغاز کیاہے ۔ 
  قیصر کالج کے چیئر مین آصف خان نے اس سلسلہ میں نامہ نگار سے بات بات چیت کے دوران کہا کہ ’’ ملک کے موجودہ حالات اور۲۰؍ مئی کو ہونے والے لوک سبھا چناؤ میں اقلیتی طبقہ کی عدم دلچسپی ایک بار پھر ایک ایسی پارٹی کو حکومت کی دعوت دے رہی ہے جس سے آج ملک کا ہر طبقہ اور ہر سماج سے وابستہ افراد پریشان ہے ۔ اس وقت خصوصی طور پر ضرورت اس بات کی ہے کہ اقلیتی طبقہ متحدہوکرایک ایسی حکومت کو منتخب کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے جو نہ صرف جمہوریت کو قائم رکھے بلکہ آئین کی بھی عزت کرتی ہو۔‘‘ کالج کے چیئر پرسن نے آلوک شریواستو کی ایک کویتا(نظم) جسے اداکار آسوتوش رانا نے پڑھ کر سوشل میڈیا پر وائرل کیا ہے ، کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ سمئے کھڑا ہے سامنے جو کہہ رہا لوٹ کر ، تو ووٹ کر ، تو ووٹ کر توووٹ کر....‘‘
  باندرہ مشرق میں ریلوے اسٹیشن کے قریب ۱۲؍ طلبہ اور۲ اساتذہ نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے نکڑ ناٹک پیش کیا اور اس میں ان نوجوان کی تصویر پیش کی جو عین ووٹنگ کے دن بجائے ووٹ دینے کے کہیں تفریح کا پروگرام بناتے ہیں ۔ اس پر انہیں بیدار کرتے ہوئے بتایا جاتا ہے کہ ’’ڈاکٹر با با صاحب امبیڈکر نے ایک مضبوط آئین دیا ہے اور اس آئین کے تحت ہر شہری کو ووٹ دینے کا حق حاصل ہے ، یہ چھٹی والا دن نہیں بلکہ ایک ایسی حکومت کے قیام کا دن ہے جوخواتین کو تحفظ دے سکے ،ایک ایسی سرکار چننا ہے جو آپ کو پختہ سڑک ،آپ کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم ،بہتر صحت عامہ ،روزگاراور مہنگائی سے پاک ہو ۔اس لئے ۱۴۰؍ کروڑ کی عوام ۲۰؍ مئی کو تفریح نہ کرتے ہوئے ہر حال میں حق رائے دہی کا استعمال کرنا ہے کیونکہ یہ آپ کی او رہم سب کی ذمہ داری ہے ۔‘‘ عوام کو بیدار کرتے ہوئے نکڑ ناٹک کے ذریعہ طلباء و طالبات نے عوام سے اپیل کی کہ ووٹ اسے دیا جائے جو آئین کی عزت اور حفاظت کرتا ہو ، جو ملک کی ترقی چاہتا ہو،جو غریبی کو ختم کرنے کا عہد کرے ، جوخواتین کی عزت و حفاظت کرے ، عوام کو بہتر سڑک ، بنیادی سہولت اوربہتر و اعلیٰ تعلیم فراہم کرے ، بے روزگاری سے ملک کو پاک کرےاورجو بد عنوانی سے پاک ہو اوردھرم کے نام پر لوگوں کا بٹوارہ نہ کرے ۔ ‘ ‘
  ناٹک کے دوران طلبہ و اساتذہ نے جمہوریت کو قائم رکھنے کی قسم کھائی اورامن و امان کو قائم رکھنے کا پیغام دیتے ہوئےعوام کو صد فیصد ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ قیصر کالج کے طلبہ و اساتذہ کی الیکشن کے تعلق سے کئے گئے نکڑ ناٹک اور اس میں دیئے گئے پیغام کی ستائش کرتے ہوئے الیکشن ڈیپارٹمنٹ ، بی ایم سی،  کلکٹر اور نرمل نگر کے پولیس افسران نے قیصر کالج کے چیئرمین سے اس سلسلہ کو پولنگ تک جاری رکھنے کی درخواست کی ہے ۔ اس پر چیئر مین آصف خان نے کالج کی تعطیلات کے باوجود اس سلسلہ میں سبھی سے صلاح و مشورہ کے بعد فیصلہ کئے جانے کی اطلاع دی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK