Inquilab Logo

باندرہ ورلی سی لنک: کوپن سے ٹول میں۲۰؍ فیصد تک رعایت !

Updated: March 30, 2024, 10:56 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ایک بُکلیٹ میں ۵۰؍ سے ۱۰۰؍ کوپن ہوں گے، سی لنک پر اکثر سفر کرنے والے اس سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں

Bandra-Worli Sea Link will cost more money from April 1
باندرہ ورلی سی لنک سے سفر کرنے کیلئے یکم اپریل سے زیادہ پیسے خرچ کرنے ہوںگے

راجیو گاندھی باندرہ ورلی سی لنک پر یکم اپریل سے ٹول میں ۱۸؍ فیصد اضافہ ہوجائے گا البتہ اس بریج پر اکثر سفر کرنے والے اگر پیشگی کوپن خریدتے ہیں تو انہیں ٹول پر ۱۰؍ سے ۲۰؍ فیصد تک رعایت دی جائے گی۔ متعلقہ افسران کے مطابق ایک بُکلیٹ میں ۵۰؍ یا  ۱۰۰؍ کوپن ہوں گے۔یاد رہے کہ ’مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن ‘ (ایم ایس آر ڈی سی) نے یکم اپریل ۲۰۲۴ء سے باندرہ ورلی سی لنک پر سفر کیلئے ٹول میں ۱۸؍ فیصد اضافہ کا اعلان کردیا ہے۔البتہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ سی لنک پر بار بار سفر کرنے والوں کیلئے کوپن رکھا گیا ہے۔ ان کوپن کی ۲؍ قسم کے بُکلیٹ (کتابچے) دستیاب ہیں، ایک میں ۵۰؍ کوپن ہوں گے اور دوسرے میں ۱۰۰؍ کوپن۔ جو لوگ ۵۰؍ کوپن والا بُکلیٹ پیشگی خریدیں گے انہیں ۱۰؍ فیصد رعایت دی جائے گی اور جو لوگ ۱۰۰؍ کوپن والا بُکلیٹ خریدیں گے انہیں ۲۰؍ فیصد رعایت دی جائے گی۔اس کے علاوہ جو لوگ سی لنک سے اکثر سفر کرتے رہتے ہیں اور انہوں نے پہلے ہی ماہانا یا یومیہ پاس نکالا ہوا ہے جو نئی قیمت کے نفاذ کے وقت بھی قابل استعمال رہیں گے تو ان سے پاس کی ڈیڑھ گنا اور ڈھائی گنا قیمت وصول کی جائے گی۔
اضافہ کا معاہدہ
 یاد رہے کہ باندرہ ورلی سی لنک کو عوام کے استعمال کیلئے ۲۰۰۹ء میں کھولا گیا تھا اور یکم اپریل ۲۰۲۱ء سے اس بریج پر سفر کیلئے ٹول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ تاہم سی لنک پر ٹول وصولی کا جو معاہدہ ہوا ہے اس کے مطابق اس سال یکم اپریل سے ٹول میں اضافہ کیا جانا تھا اور نئی قیمت ۳۱؍ مارچ ۲۰۲۷ء تک نافذ رہے گی۔
 سی لنک کی تعمیر کےوقت یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ اس پر سے روزانہ تقریباً ایک لاکھ گاڑیاں گزریں گی لیکن حال کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً ۵۰؍ ہزار گاڑیاں ہی سی لنک پر سے یومیہ گزرتی ہیں۔البتہ زیر تعمیر اور جزوی طور پر شروع کئے گئے ’کوسٹل روڈ‘ اور زیر تعمیر دیگر بریج ’باندرہ۔ورسوا سی لنک‘ کو ’باندرہ ورلی سی لنک‘ سے جوڑ دیا جائے گا جس کے بعد اس پر سے گزرنے والی گاڑیوں کی تعداد میں کافی اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
نیا ٹول
 واضح رہے کہ کار، جیپ اور ٹیکسی جیسی گاڑیوں کو باندرہ ورلی سی لنک پر سے گزرنے کیلئے ایک طرف کا موجودہ ٹول ۸۵؍ روپے ہے جو یکم اپریل سے ۱۰۰؍ روپے ہوجائے گا۔منی (چھوٹی) بس، ٹیمپو اور اس طرح کی کمرشیل گاڑیوں کا ایک طرف کا موجودہ ٹول ۱۳۰؍ روپے ہے جو ۱۶۰؍  روپے ہو جائیگا۔ ’ٹُو ایکس ایل‘ (بڑے)  ٹرکوں کو اب تک اس بریج پر ایک طرف کا ٹول ۱۷۵؍ روپے ادا کرنا ہوتا تھا جو یکم اپریل سے ۲۱۰؍ روپے ہوجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK