• Tue, 23 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلہ دیش میں وقت پر انتخابات ہوں گے، قوم بے صبری سے انتظار کر رہی ہے: محمد یونس

Updated: December 23, 2025, 8:01 PM IST | Dhaka

بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے ۲۲؍ دسمبر کو کہا کہملک میں وقت پر انتخابات ہوں گے، قوم بے صبری سے انتظار کر رہی ہے، ہم ایک آزاد، منصفانہ اور پرامن انتخاب کرانا چاہتے ہیں، ہم اسے قابل ذکر بنانا چاہتے ہیں۔

Bangladesh Chief Advisor Muhammad Yunus. Photo: INN
بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس۔ تصویر: آئی این این

بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے ۲۲؍ دسمبر کو کہا کہ ۲۰۲۴ءکے عوامی احتجاج کے لیڈر شریف عثمان ہادی کی ہلاکت پر ملک میں پھیلے ہنگاموں کے باوجود ملک مقررہ تاریخوں پر انتخابات کرائے گا۔ انہوں نے یہ بات جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے امریکی ایلچی سرجیو گور کے ساتھ ٹیلی فون کال میں کہی۔انہوں نے۱۲؍ فروری کو عام انتخابات کرانے کے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ قوم ووٹ کے اپنے حق کے استعمال کا بے چینی سے انتظار کر رہی ہے، جسے ’’آمرانہ حکومت‘‘ نے چرا لیا تھا، جو شیخ حسینہ انتظامیہ کی طرف اشارہ تھا۔

یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: ایک اور طلبہ لیڈر مطلب سکدر کو گولی ماری گئی، خطرے سے باہر

یونس نے کہا، ’’انتخابات میں ہمارے پاس تقریباً۵۰؍ دن باقی ہیں۔ ہم ایک آزاد، منصفانہ اور پرامن انتخاب کرانا چاہتے ہیں۔ ہم اسے قابل ذکر بنانا چاہتے ہیں۔‘‘تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والی بات چیت میں بنگلہ دیش اور امریکہ کے درمیان تجارت اور ٹیرف مذاکرات، آنے والے عام انتخابات، ملک کی جمہوری منتقلی، اور نوجوان بنگلہ دیشی سیاسی کارکن شریف عثمان ہادی کے قتل پر توجہ مرکوز کی گئی۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے ایک نوجوان لیڈر شریف عثمان ہادی کے جمعرات۱۸؍ دسمبر کو زخموں کے سبب انتقال کرنے کے بعد، ملک میں بڑے پیمانے پر احتجاج اور ہنگامے پھوٹ پڑے۔ میڈیا ہاؤسز، ثقافتی مراکز، اور یہاں تک کہ شیخ مجیب الرحمان کی رہائش گاہ کو آگ لگا دی گئی ہے۔ ان سب کے درمیان، حالیہ رپورٹس میں انکشاف ہوا کہ ہادی کے مبینہ قاتل فیصل کریم نے فائرنگ کرنے سے پہلے اپنی گرل فرینڈ کو بتایا تھاکہ’’ کچھ ایسا ہونے والا ہے جو پورے بنگلہ دیش کو ہلا کر رکھ دے گا۔‘‘جس کے کچھ گھنٹوں بعد، فیصل نے دو دیگر افراد کے ساتھ مل کر ڈھاکہ میں دِن دہاڑے ہادی پر فائرنگ کردی۔

یہ بھی پڑھئے: البانیہ: بدعنوانیوں کے خلاف حکومت مخالف مظاہرہ

یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو طلبہ کے احتجاج کے پیش نظر ملک سے فرار ہونا پڑا تھا، اس احتجاج کی قیادت ہادی کر رہے تھے،شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد محمد یونس کو عبوری سربراہ نامزد کیا گیا تھا، جبکہ انتخابات کا اعلان ہوچکا ہے، ایسے وقت میں ہادی کے قتل سے انتخابی عملکے موقوف  ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا، جبکہ ان اندیشوں کو دور کرتے ہوئے عبوری سربراہ یونس نے انتخابات اپنے مقررہ وقت پر کرانے کا اعلان کرکے ان تمام افواہوں پر قدغن لگا دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK