Updated: August 24, 2026, 5:14 PM IST
| Dhaka
قرآنِ کریم سے وابستگی اور حفظ و تلاوت کے میدان میں بنگلہ دیش کے نوجوان حافظ نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔ حافظ نورالدین زکریا نے سعودی عرب میں منعقدہ بین الاقوامی قرآن مقابلے میں ۱۳۳؍ ممالک کے۳۳۴؍ امیدواروں کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
حافظ نورالدین زکریا اعزازی شیلڈ کے ساتھ دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر:ایکس
بنگلہ دیش کے حافظ نورالدین زکریا نے سعودی عرب میں منعقدہ ۴۶؍ویں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی قرآن کریم حفظ، تلاوت اور تفسیر مقابلے میں مردوں کے چوتھے زمرے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے۱۳۳؍ ممالک سے شریک۳۳۴؍ امیدواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔ بین الاقوامی قرآن مقابلہ مسجد الحرام، مکہ مکرمہ میں ۲۳؍ صفر سے۶؍ ربیع الاول۱۴۴۸؍ ہجری، یعنی۶؍ سے۱۹؍ اگست ۲۰۲۶ء تک منعقد ہوا۔ یہ مقابلہ سعودی عرب کی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے زیرِ اہتمام منعقد کیا گیا، جس میں پانچ مختلف زمرے شامل تھے۔
یہ بھی پڑھئے: ۲۱؍ سابق کرکٹ کپتانوں کا عمران خان کے لیے طبی سہولت یقینی بنانے کا مطالبہ
نورالدین زکریا نے مردوں کے چوتھے زمرے میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کی۔ اس زمرے میں شرکا کیلئے قرآنِ کریم کے مسلسل۱۵؍ پارے حفظ کرنا، نیز درست تلاوت اور تجوید میں مہارت کا مظاہرہ کرنا ضروری تھا۔ زکریا نے مقابلے کے مختلف مراحل کامیابی سے طے کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ زمرے میں فاتح قرار پانے پر نورالدین زکریا کوایک لاکھ۵۰؍ ہزار سعودی ریال(تقریباً ۳۸؍ لاکھ ۱۸؍ ہزار روپے) کا انعام دیا گیاجبکہ بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے دنیا بھر میں بنگلہ دیش کا نام روشن کرنے پر دو کروڑ ٹکا دینے کا اعلان اور ساتھ میں بنگلہ دیش کا اعلیٰ ترین سویلین اعزاز اور بنگلہ دیش کی سرکاری ٹی وی میں تلاوت کیلئے سرکاری نوکری بھی دینے کا اعلان کیا۔ اس مقابلے میں لیبیا کے ہمام مصطفیٰ العبید زُریقان نے دوسری جبکہ کرغیزستان کے میر بیکوف موسیٰ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کہا جارہا ہے کہ حافظ نورالدین زکریاکے والد دودھ فروخت کرکے اپنے گھر کا نظام چلاتے تھے۔ اس مقابلے کیلئے آنے سے پہلے حافظ نورالدین زکریا کے والد نے اپنی گائے فروخت کرکے اپنے بیٹے کی ٹکٹ اور دیگر اخراجات پورے کئے۔
یہ بھی پڑھئے: جاپان ماؤنٹ فیوجی: تھکن کی شکایت کرنے پر ۷؍ سالہ بچے کو والد نے تنہا چھوڑ دیا
اس سال کے مقابلے میں ۱۳۳؍ ممالک کے۳۳۴؍ امیدواروں نے شرکت کی۔ شرکا کی قرآن حفظ، تلاوت، تجوید اور متعلقہ علوم میں مہارت کا سعودی عرب اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہر ججوں نے سخت معیار کے تحت جائزہ لیا۔ بنگلہ دیش کے کئی دیگر امیدواروں نے بھی نمایاں کامیابی حاصل کی۔ شیخ محمد محمود الحسن نے مردوں کے تیسرے زمرے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کے مقابلے میں مسفیرہ بنت محمود نے تیسرے زمرے میں جبکہ رابطہ بنت رمضان نے چوتھے زمرے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلے میں مجموعی طور پرایک کروڑ۳۶؍ لاکھ سعودی ریال کی انعامی رقم رکھی گئی تھی۔ مردوں کے پہلے زمرے میں سعودی عرب کے عبدالرحمن بن مختار بن احمد محمد نے۵؍ لاکھ سعودی ریال کا انعام حاصل کیا، جبکہ خواتین کے پہلے زمرے میں کامیاب ہونے والی الجزائر کی جمانہ شریطیہ کو بھی۵؍ لاکھ سعودی ریال دیئے گئے۔