Inquilab Logo

بی سی سی آئی کی رشبھ پنت کو دہلی یا ممبئی کے اسپتال منتقل کرنے کی تیاری

Updated: January 01, 2023, 2:09 AM IST | Dehradun

ضرورت پڑنے پر بورڈ انہیں علاج کیلئے بیرون ملک بھی بھیج سکتا ہے، فی الحال پنت دہرہ دون کے اسپتال میں زیر علاج ہیں

Max Hospital in Dehradun where Rishabh Pant is undergoing treatment (PTI)
دہرہ دون میں واقع میکس اسپتال جہاں رشبھ پنت زیر علاج ہیں۔(پی ٹی آئی )

: ٹیم انڈیا کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت جو  جمعہ کو دہلی سے رُڑکی اپنے گھر جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئے تھے ، کو دہرہ دون کے میکس اسپتال سے بہتر علاج کے لئے دہلی یا ممبئی منتقل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔فی الحال وہ  میکس اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں لیکن انہیں دہلی یا ممبئی کے کسی بڑے اسپتال میں منتقل کیا جاسکتا ہے۔ فی الحال ان کی حالت خطرہ سے باہر ہے لیکن جمعہ کو ان کے چہرے کی پلاسٹک سرجری کی گئی تھی۔ پنت کو ماتھے، دائیں کلائی، دائیں گھٹنے، ٹخنے اور انگوٹھے پر چوٹیں آئیں۔ ان کے دائیں گھٹنے میں ’لیگامینٹ‘ پھٹ گیا ہے جس کا آپریشن ہونا باقی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق  بی  سی سی آئی پنت کے علاج میں کوئی لاپروائی نہیں  برتنا چاہتا ہے۔  اسی لئے انہیں دہرہ دون سے منتقل کرنے کے بارے میں غور کررہا ہے۔ یہی نہیںضرورت پڑنے پر بی سی سی آئی انہیں علاج کے لئے بیرون ملک بھی بھیج سکتا ہے۔ 
  واضح رہے کہ کار حادثے میں رشبھ پنت کے چہرے پر چوٹ لگی تھی جبکہ ان کے دائیں گھٹنے اور ٹخنے میں بھی مسئلہ ہو سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میکس اسپتال کے ڈاکٹروں نے رشبھ پنت کے گھٹنے پر  پٹی باندھ دی ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ پنت کی حالت اس وقت ٹھیک ہے اور وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں۔پنت کو زیادہ تر چوٹیں سر اور ٹانگ میں آئی ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کا ایم آر آئی اسکین کیا گیا ہے۔

 ان کے ایم آر آئی اسکین میں فی الحال کوئی مسئلہ سامنے نہیں آیا ہے۔ رپورٹ کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ یہ رپورٹ مداحوں اور خود پنت کو بڑی راحت دینے والی ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق رشبھ پنت کو ابھی مزید کئی ٹیسٹ کروانے ہیں۔ ان کے ٹخنے اور گھٹنے کا ایم آر آئی سکین بھی کیا جانا تھا لیکن اسے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ادھردہلی کرکٹ اسوسی ایشن کی ٹیم دہرہ دون کیلئے روانہ ہوگئی ہے، وہ میکس اسپتال کے ڈاکٹروں سے بات کرے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ پنت کے گھر والے دہلی میں علاج کرانا چاہتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے میکس اسپتال سے کہا ہے کہ پنت کے لیگامینٹ کی پوری ذمہ داری اب بورڈ کی میڈیکل ٹیم کی ہوگی۔ اسی وجہ سے اب رشبھ پنت طویل عرصے تک کرکٹ سے دور رہ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ’لیگامینٹ‘ فائبر کا ایک ایسا گروپ ہوتا ہےجو دو ہڈیوں کو آپس میں جوڑتا ہے۔ جب اس میں کوئی چوٹ لگ جائے تو زخم بھرنے میں کافی وقت لگتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK