Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگال: بگڑ گئے سُر تال، ممتا کا قلعہ مسمار، بی جےپی ۲۰۰؍ پار

Updated: May 05, 2026, 12:10 AM IST | Kolkata

ممتا بنرجی آخری لمحے تک ڈٹی رہیں مگر اپنی سیٹ بھی نہیں بچا پائیں، زعفرانی پارٹی پر ۱۰۰؍ سے زیادہ سیٹیں ’’لُوٹنے ‘‘ کا الزام عائد کیا، گنتی پر سوال اٹھایا

Mamata Banerjee alleged rigging during the counting of votes. While admitting defeat, she also vowed to return. (Photo: PTI)
ممتا بنرجی نے ووٹوں کی گنتی کے دوران دھاندلی کا الزام عائد کیا ۔ شکست تسلیم کرتےہوئے انہوں نے واپسی کا عزم بھی کیا ۔(تصویر : پی ٹی آئی)

بی جےپی نے بالآخر  مغربی بنگال پر قبضہ کرلیا۔اسے یہ فتح الیکشن کمیشن پر کھلی جانبداری  کے الزامات، ایس آئی آر میں  ۹۰؍ لاکھ ناموں  کے کٹنے  اور ۲۷؍ لاکھ ووٹرس کو ’’منطقی تضاد ‘‘ کے نام پر ووٹنگ سے محروم کردیئے جانے کے بعد نیز انتخابات کے دوران مغربی بنگال میں  ۲ء۵؍ لاکھ سے زائد مرکزی نیم فوجی دستوں کے   جوانوں کی تعیناتی پر تنقیدوں کے بیچ لڑے گئے الیکشن میں حاصل ہوئی ۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ رات ساڑھے ۱۱؍ بجے تک جاری  کئے گئے نتائج کے مطابق بی جےپی  نے  ۲۰۴؍ سیٹوں پر کامیابی حاصل کرلی ہےجبکہ ۲؍ میں  اس کے امیدوار آگے ہیں۔  ۲۹۴؍ رکنی بنگال اسمبلی میں واضح اکثریت کیلئے ۱۴۷؍ اراکین اسمبلی کی ضرورت ہوتی ہے۔ دوسری طرف ممتا بنرجی کی پارٹی   نے ۷۴؍ سیٹیں جیتی ہیں اور ۷؍ پر آگے ہے۔ کانگریس نے  ۲؍ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ  ریاست پر ۳؍ دہائیوں تک راج کرنےوالے بائیں  محاذ کو صرف ایک سیٹ( سی پی آئی)   ملی ہے۔ 
 ممتا خود۱۵؍ ہزار ووٹوں سے ہار گئیں
 بھوانی پورجہاں ممتا بنرجی کا مقابلہ اپنے باغی  اور بی جےپی لیڈر شوبھندو ادھیکاری سے تھا، میں ہائی پروفائل مقابلہ نے شام ہوتے ہوتے ڈرامائی رخ اختیار کر لیا اوروزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ۱۵؍ ہزار ۱۰۵؍ووٹوں سے ہار گئیں۔ دن بھر ووٹوں کے اتار چڑھاؤ کے بعد ان کی ابتدائی برتری مسلسل کم ہوتی  چلی گئی اور آخرکار وہ شکست سے دوچار ہوئیں۔ 
  ابتدا میں ممتا بنرجی نے بڑی برتری حاصل کر لی تھی لیکن دن گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ برتری مسلسل کم ہوتی چلی گئی۔ ابتدائی راؤنڈز سے ہی مقابلے میں اتار چڑھاؤ کے آثار صاف نظر آرہے تھے۔ پہلے راؤنڈ میں ممتا بنرجی نےایک ہزار ۹۶۱؍ووٹوں کی برتری حاصل کی لیکن دوسرے راؤنڈ میں شوبھندو ادھیکاری ایک ہزار ۵۵۸؍ووٹوں سے آگے نکل گئے۔تیسرے راؤنڈ میں وزیر اعلیٰ نے دوبارہ برتری حاصل کی اور اسے کافی بڑھایا   لیکن بعد میں یہ برتری بتدریج کم ہوتی چلی گئی۔
بی جےپی نے ۱۰۰؍ سیٹیں لُوٹی ہیں:ممتا
 ممتا بنرجی جنہوں نے نہ صرف انتخابی مہم میں پوری قوت سے بی جےپی کا مقابلہ کیا بلکہ ووٹوں کی گنتی کے دوران بھی آخری وقت تک ہار نہیں مانی ، نے   بی جے پی کی غیر معمولی اور ناقابل یقین  جیت کو’’غیر اخلاقی‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اس نے ۱۰۰؍ سے  زیادہ نشستوں پر عوام کے فیصلے کو ’’لُوٹ لیا ہے۔‘‘  انہوں نے  بھوانی  پور اسمبلی حلقے کے کاؤنٹنگ سینٹر سے باہر نکلتے  ہوئے کہاکہ’’ہم دوبارہ واپسی کریں گے۔‘‘ اس موقع پر  اُنہیں  چڑھانے کیلئے بی جے پی کارکنوں کی جانب سے ’’جے شری رام‘‘  کےنعرے لگائے جارہے تھے جبکہ ممتا واضح طورپر افسردہ دکھائی دے رہی تھیں۔ انہوں  نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کی جیت غیر اخلاقی ہے۔ نہوں نے۱۰۰؍ سے زیادہ نشستیں لوٹ لی ہیں۔‘‘
الیکشن کمیشن کی جانبداری 
 ٹی ایم سی سربراہ نے الزام لگایا کہ’’وزیر اعظم   مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ  کے ساتھ  الیکشن کمیشن کی ملی بھگت  اور مرکزی فورسیز کی مدد سے کی گئی  کارروائیاں،   غیر قانونی تھیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ’’بدعنوانیوں‘‘کے خلاف آواز اٹھانے پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ممتا نے بتایا کہ’’میں نے چیف الیکٹورل آفیسر منوج اگروال سے شکایت کی، لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK