اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوکی دھمکی، ٹائمز آف اسرائیل سے گفتگو میں اپنے اگلے عزائم کا اظہار کیا۔
EPAPER
Updated: December 04, 2023, 11:36 AM IST | Agency | Tel Aviv-Yafo
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوکی دھمکی، ٹائمز آف اسرائیل سے گفتگو میں اپنے اگلے عزائم کا اظہار کیا۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نےدھمکی دیتے ہوئے کہا ہےحزب اللہ کی طرف سےحملوں میں کسی بھی ممکنہ اضافے کا نتیجہ لبنان کی تباہی ہو گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹائمز آف اسرائیل کے ساتھ گفتگو میں کیا ہے۔غزہ کو بدترین بمباری سے تباہ کرنے کے بعد اسرائیل کے اگلے عزائم ان کی اس گفتگو سے آشکار ہیں کہ خطے میں اسرائیل کے اگلے اہداف کیا ہوں گے۔ نیز اسرائیل اب صرف غزہ تک رکا نہیں رہے گا۔نیتن یاہو نےمزیدکہا ’’ہماری ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ سےبچاؤ کے لیے تیاری مکمل ہے،ہم نے حزب اللہ کے خلاف شمالی سرحد پر مضبوط دفاع کی حکمت عملی اپنا رکھی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم اپنے شمال میں حزب اللہ کی طرف سےکی جانے والی کوششوں کے خلاف ہر ممکنہ عمل کیلئےہمہ وقت تیار ہیں ۔ ہم دہشت گردی کے مراکز تباہ کر رہے ہیں ، انہیں سرحد سے دور دھکیل رہےہیں اور ان کا اسلحہ اور بارود تباہ کر رہے ہیں ۔‘‘وہ اپنی اس حکمت عملی کے بار ے میں کہہ رہے تھے’’ہم شمال میں اپنی اس مضبوط دفاع کی پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے جنوب میں مکمل فتح حاصل کرلیں گے۔‘‘
اسرائیلی وزیر اعظم نے کھلے انداز میں کہا’’یہ واضح رہناچاہیےہم اپنے جنوب اورشمال میں سلامتی کا ماحول بحال کرنے کیلئےپرعزم ہیں ۔ اگر حزب اللہ نے غلطی کی اور ایک مکمل جنگ میں داخل ہوا تو وہ سمجھ لے کہ اس نے لبنان کو اپنے ہاتھوں سے تباہ کرالیا۔‘‘
واضح رہے ایرانی حمایت یافتہ لبنانی جنگجو تنظیم حزب اللہ طویل عرصے سے حماس کا اتحادی گروپ ہے۔۷؍اکتوبرسےاس کا اسرائیل کے خلاف بیانیہ بھی بڑا واضح ہےاور اسرائیل میں اپنے اہداف کے خلاف حزب اللہ کےحملے بھی جاری ہیں ۔ جن کے جواب میں اسرائیل بھی فائرنگ کرتا اور گولے برساتا ہے۔حال ہی میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان لبنانی سرحد کے آرپار شدید فائرنگ کا تبادلہ ہواہے۔ دونوں نےایک دوسرے کےفوجی اہداف کو نشانہ بنانے اور تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔