Inquilab Logo

بیسٹ بسوں میں لاک ڈاؤن سے قبل کی ترتیب سے مسافروں کو بیٹھنے کی اجازت

Updated: October 24, 2020, 3:32 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

دوسری جانب پرائیویٹ سیکوریٹی گارڈز کو بھی یونیفارم کے ساتھ لوکل ٹرین میں سفر کرنے کی سرکار کی سفارش پر اجازت مل گئی۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

کورونا وباکے کچھ کم ہوتے اثرات کے ساتھ ہی سفر کی سہولتوں میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے۔ اس کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ ریاستی حکومت نے بیسٹ بسوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو لاک ڈاؤن سے پہلے کی ترتیب کے مطابق بیٹھنے کی اجازت دے دی اور اس پر عمل درآمد بھی جمعہ سے شروع ہوگیا۔ اب مسافروں کو صرف ماسک لگانا ضروری ہوگا ، سیٹ چھوڑ کر بیٹھنے اور ایک سیٹ پر محض ایک مسافر کے بیٹھنے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔‌اس تعلق سے بیسٹ انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی پریشانی اور لوکل ٹرینیں عام مسافروں کیلئے بند ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے ۱۸؍ اکتوبر کو ریاستی حکومت کو خط لکھ کر یہ سفارش کی گئی تھی کہ مسافروں کو راحت پہنچانے کے لئے یہ شرائط ختم کر دی جائیں اور پہلے کی طرح سفر کا موقع دیا جائے چنانچہ حکومت نے اسے منظورکرلیا۔
بسوں کی تعداد میں فوری اضافےکا کوئی فیصلہ نہیں 
  ریاستی حکومت کے جانب سے اجازت تو دے دی گئی ہے لیکن بسیں بھی بڑھائی جائیں گی یا نہیں ،اس تعلق سے بیسٹ کے پی آر او منوج وراڈے نے بتایا کہ مسافروں کے بیٹھنے کی ترتیب پہلے کی طرح ہوگئی ہے لیکن بسوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا یا نہیں اس کا فیصلہ بیسٹ انتظامیہ پر منحصر ہے۔ان سے یہ پوچھنے پر کہ بیسٹ کی اس وقت کتنی بسیں چل رہی ہیں تو انہوں نے بتایا کہ بیسٹ کی اپنی۲۷۰۰؍بسیں اور۸۰۰؍ سے۱۰۰۰؍ کے درمیان اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کی بسیں لی گئی ہیں اور کچھ بسیں کرائے پر چلائی جارہی ہیں ، مجموعی طور پر یہ ۴۰۰۰؍بسیں ہیں ۔ لیکن اس فیصلے کے ساتھ کیا ایس ٹی کی بسیں لوٹا دی جائیں گی یا بیسٹ اپنی اور بسیں خریدے گا ، یہ سب معاملات پالیسی سے متعلق ہیں اور اس کا فیصلہ بیسٹ انتظامیہ ہی کرے گا۔ آج کی تاریخ میں بیسٹ بسوں سے۲۰؍ تا۲۱؍ لاکھ مسافر یومیہ سفر کر رہے ہیں ۔ 
پرائیویٹ سیکوریٹی گارڈ کو ٹرینوں میں سفر کی اجازت 
 پرائیویٹ سیکوریٹی گارڈ جو مختلف جگہوں پر ڈیوٹی انجام دیتے ہیں ، ان کو بھی سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے انتظامیہ نے حکومت کی سفارش پر ایمرجنسی خدمات پر مامور عملہ کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے لوکل ٹرینوں میں سفر کی اجازت دے دی ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ یونیفارم پہن کر سفر کر سکتے ہیں اور جلد از جلد کیو آر کوڈ حاصل کرلیں ۔ کیو آر کوڈ حاصل کرنے تک انہیں شناختی ثبوت کے ساتھ سفر کرنے کی رعایت ہوگی۔ سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او کا کہنا ہے کہ اسی سبب اب مزید بکنگ کھڑکیاں ‌ کھولنے کے لئے کہہ دیا گیا ہے تاکہ بھیڑ بھاڑ نہ ہو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK