Inquilab Logo

چھوٹا سائن اسپتال میں بھی بہتر علاج کی سہولت مہیا کرائی جائے

Updated: February 26, 2021, 9:15 AM IST | Kazim Shaikh | Sion

مقامی کارپوریٹر کی جانب سے ڈین ، ڈاکٹروں اور اسٹاف تعینات کرنے کا مطالبہ ۔ ایم آرآئی اور سی ٹی اسکین مشینیں لگانے کیلئے دھاراوی میں دستخطی مہم بھی شروع کی تھی ۔اسپتال میں سونوگرافی ، ڈیجیٹل ایکسرے اورخون کی جانچ کی سہولت ہے

Small Sion Hospital - Pic : INN
چھوٹا سائن اسپتال ۔ تصویر : آئی این این

یہاں  سائن اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی صحت کچھ بہتر ہونے پرعلاج کیلئے انھیں دھاراوی کے ۶۰؍ فٹ روڈ پر واقع ’چھوٹاسائن اسپتال‘ میں منتقل کردیا جاتا  ہے اور اس میں بچوں کو ٹیکہ لگانے کے علاوہ زچگی  کی سہولت ہے لیکن دھاراوی کی بڑھتی  آبادی کے لحاظ سے ایک مقامی کارپوریٹر نے اس چھوٹا سائن اسپتال میں طبی جانچ  اور مریضوں کے علاج کیلئے متعلقہ حکام سےتحریری طور پر مطالبہ کیاہے۔ ان کی جانب سے اس سلسلے میں دستخطی مہم بھی چلائی جارہی ہے اور اب تک  ۱۰؍ ہزار سے زائد افراد نے دستخط کرکے چھوٹا سائن  اسپتال میں بھی علاج کی تمام سہولیات مہیاکرنے کی درخواست کی ہے  ۔ 
 دھاراوی کے رہنے والے امام اعظم خان نے نمائندۂ انقلاب سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف دھاراوی  میں ۱۵؍ لاکھ کی آبادی ہے اور یہاں پر ۹۰؍ فیصد افراد غریب طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ یہاں کے مریضوں کو علاج کیلئے سائن اسپتال جانا پڑتا ہے  جہاں پر سائن  اوردھاراوی کے علاوہ دیگر علاقوں سے بھی مریض علاج کیلئے آتے ہیں اور بسا اوقات اسپتال میں جگہ خالی نہیں رہتی ہے۔ دھاراوی میں   چھوٹا سائن اسپتال کے نام سے ۴؍ منزلہ عمارت واقع ہے اور اس میں سائن  اسپتال  میں زیر علاج  مریضوں کی طبیعت تھوڑی  ٹھیک ہونے پرمنتقل کردیا جاتا ہے لیکن یہاں پر کوئی ڈاکٹر یا اسٹاف نہیں رہتا۔ البتہ وقت ضرورت پر ڈاکٹر یہاں آتے ہیں ۔اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ صحیح معنوں میں چھوٹا سائن اسپتال کی  عمارت کا  صحیح استعمال نہیں ہورہا ہے ۔ دھاراوی  کے ہی حافظ خالد شیخ نے بتایا کہ چھوٹا سائن اسپتال کو اگر دھاراوی کے مکینوں کے علاج کیلئےمختص کردیا جائے توسائن اسپتال پر مریضوں  کا دباؤ کم ہوجائے گا ۔ ویسے بھی یہ اسپتال دھاراوی میں واقع ہے ۔ جب سائن اسپتال میں مریضوں کا دباؤ بڑھتا ہے تو چھوٹا سائن اسپتال میں  مریضوں کو بھیج دیا جاتا ہے اور یہاں آکرسائن اسپتال کے ہی ڈاکٹر علاج کرتے ہیں ۔ ایسے حالات میں کبھی کبھی مریضوں کی حالت اچانک بگڑ جاتی ہے تو ڈاکٹروں کو سائن اسپتال سے آنا پڑتا ہے ۔ 
  اس ضمن میں نمائندۂ انقلاب نے مقامی کارپوریٹر ریشماںبانو شیخ سے بات چیت  کرنے کی کوشش کی تو ان کے شوہر  وکیل شیخ (سابق کارپوریٹر)نے کہا کہ چھوٹا سائن اسپتال میں بھی   بہتر علاج اور اس کیلئے طبی   جانچ وغیرہ کیلئے مشینیں لگائی جارہی ہیں اور اب تک اس میں سونو گرافی مشین ،ڈیجیٹل ایکسرے ، خون کی تمام جانچ اور ڈی آر ٹی وی سینٹر شروع کردیا گیا ہے ۔ البتہ اس میں  ایم آرآئی مشین ، سی ٹی  اسکین اور ای سی جی مشین وغیرہ کے مطالبات کے ساتھ اس اسپتال کیلئے الگ ڈین ،ڈاکٹروں  اور اسٹاف کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں میونسپل کمشنر ، ایڈیشنل کمشنر اور ریاستی  وزیرصحت  راجیش ٹوپے کو خط دے کر یہ تمام سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں دھاراوی کے علاقے میں دستخطی مہم شروع کی گئی تھی لیکن ایک بار پھر کورونا کا خطرہ بڑھنے  پر دستحظی مہم ملتوی کردی گئی ہے ۔ اس کے باوجود اب تک ۱۰؍ ہزارسے زائد افراد نے  دستحظی مہم میں حصہ لیا اور حالات سازگار ہونے پر ایک بارپھر اس مہم کو کامیاب بنانے کی کوشش کی جائے گی ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK