Updated: December 19, 2025, 9:51 PM IST
| Adelaide
سلامی بلے باز ٹریوس ہیڈ (ناٹ آؤٹ ۱۴۵؍رن) کی سنچری اور ایلکس کیری (ناٹ آؤٹ ۵۲؍رن) کی نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پہلی اننگز میں ۲۸۶؍ رن پر روکنے کے بعد جمعہ کو تیسرے ایشیز ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر ۲۷۱؍ رن بنا لیے ہیں۔
ٹریوس ہیڈ۔تصویر:پی ٹی آئی
سلامی بلے باز ٹریوس ہیڈ (ناٹ آؤٹ ۱۴۵؍رن) کی سنچری اور ایلکس کیری (ناٹ آؤٹ ۵۲؍رن) کی نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پہلی اننگز میں ۲۸۶؍ رن پر روکنے کے بعد جمعہ کو تیسرے ایشیز ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر ۲۷۱؍ رن بنا لیے ہیں اور اس کی کل برتری ۳۵۶؍ رن ہو گئی ہے۔ جمع کو ایڈیلیڈ میں انگلینڈ نے کل کے ۸؍ وکٹ پر۲۱۳؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں انگلینڈ کی ۹؍ویں وکٹ کپتان بین اسٹوکس کی صورت میں گرا، جنہیں ۸۵؍ویں اوور کی پہلی گیند پر مچل اسٹارک نے بولڈ کیا۔
بین اسٹوکس نے۱۹۸؍ گیندوں میں ۸؍ چوکوں کی مدد سے ۸۳؍ رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد ۸۸؍ویں اوور کی دوسری گیند پر اسکاٹ بولینڈ نے جوفرا آرچر کو آؤٹ کر کے۲۸۶؍رن کے اسکور پر انگلینڈ کی پہلی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ جوفرا آرچر نے۱۰۵؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۵۱؍ رن بنائے۔ اسی کے ساتھ آسٹریلیا نے پہلی اننگز کی بنیاد پر۸۵؍ رن کی اہم سبقت حاصل کر لی۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے تین تین وکٹیں حاصل کئے جبکہ ناتھن لاین کو دو اور مچل اسٹارک و کیمرون گرین کو ایک ایک وکٹ ملا۔
یہ بھی پڑھئے:نیپولی نے اے سی میلان کو ہرا کر فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا
دوسری اننگز میں بلے بازی کے لیے اترنے والی آسٹریلوی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے دوسرے ہی اوور میں جیک ویدرلڈ (ایک رن) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد مارنس لبوشین (۱۳)، عثمان خواجہ (۴۰؍رن ) اور کیمرون گرین ۷؍ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور چار وکٹ پر ۱۴۹؍رن تھا۔ ایسے مشکل وقت میں بیٹنگ کے لیے آنے والے ایلکس کیری نے ٹریوس ہیڈ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن بنائے۔ اسی دوران ٹریوس ہیڈ نے اپنی سنچری مکمل کی۔
یہ بھی پڑھئے:ودیا بالن اور اکشے کمار ۶؍سال بعد ایک ساتھ نظر آئیں گے
دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے ۴؍ وکٹ پر ۲۷۱؍ رن بنا لیے ہیں۔ ٹریوس ہیڈ ۱۴۵؍رن اور ایلکس کیری ۵۲؍ رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ برائیڈن کارس اور ول جیکس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔