• Sat, 20 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

قبائلی علاقوں میں طبی سہولیات کے فقدان پر بامبے ہائی کورٹ سخت برہم

Updated: December 19, 2025, 11:46 PM IST | Mumbai

عدالت نے ایک ہفتہ کے اندر تمام قبائلی علاقوں کے اسپتالوں میں گائناکولوجسٹ اور ماہر اطفال ڈاکٹروں کا تقرر کرنے کا حکم دیا

Bombay High Court strongly reprimands the administration
بامبے ہائی کورٹ نے انتظامیہ کی سخت سرزنش کی

مہاراشٹر کے مختلف قبائلی علاقوں میں خاص کر ودربھ کے پسماندہ علاقوں میں طبی سہولیات کا غیر انسانی حد تک فقدان ہے جس کی وجہ سے وہاں کئی بچوں کی اموات ہو چکی ہیں۔ اسی تعلق سے ایک عرضداشت بامبے ہائی کورٹ میں داخل کی گئی ہے۔ سماعت کے دوران  بچوں کی اموات سے متعلق کورٹ کو یہ بتایا گیا کہ ودربھ کے ضلع امراوتی میں واقع میل گھاٹ علاقے  میں ایک حاملہ خاتون کو بنیادی طبی سہولت نہ مل پانے کے سبب پیدائشی سے قبل ہی اس کے بچہ کی موت ہوگئی۔ اس پر بامبے ہائی کورٹ نے  سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ہفتہ کے درمیان تمام قبائلی علاقوں کے اسپتالوں میں گائناکولوجسٹ اور ماہر اطفال کا تقرر کرنے کا حکم دیا ۔
 بامبے ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ کے جسٹس ریوتی موہت ڈیرے اور جسٹس سندیش پاٹل نے حاملہ خاتون کی زچگی کے وقت بچہ کی موت کی اطلاع پر انتہائی افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ انسانی نقطہ نظر سے قابل افسوس بات ہے کہ مہاراشٹر کے قبائلی علاقوں میں ہر بار طبی سہولت اور غذائی قلت کے سبب اموات ہوتی ہیں۔ ہر بار شنوائی کے دوران بچوں کی اموات کا تذکرہ سن کر عجیب سی کیفیت طاری ہوجاتی ہے۔ گزشتہ سماعت سے لے کر اب تک ہمارے سامنے ۶؍ بچوں کی اموات کا ذکر کیا جاچکا ہے ۔‘‘ اس پر عرضداشت گزار ڈاکٹر راجندر بھرما اور ڈاکٹر بنڈو سمپت راؤ  کے وکیل نے بتایا کہ گزشتہ ماہ نومبر میں نہ صرف بچے بلکہ طبی سہولتوں کے فقدان کے سبب دو حاملہ خاتون کی بھی موت ہوچکی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امراوتی کے  میل گھاٹ اور دیگر قبائلی علاقوں میں ماہر ڈاکٹروں کے فقدان کے سبب بچوں کی اموات میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ اسی درمیان حکومت کی جانب سے وکیل بھوپیش سامنت نے بتایا کہ کمیٹی کے سینئر افسران نے میل گھاٹ کا دورہ کیا ہے اور وہاں کے حالات سے متعلق رپورٹ پبلک ہیلتھ سیکریٹری ڈاکٹر نپون ونائیک کو سونپی ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد ماہر ڈاکٹروں کی تقریری کی جائے گی۔ کورٹ نے عرضداشت گزاروں کی فراہم کردہ اطلاع پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ہفتہ میںگائناکولوجسٹ اور ماہر اطفال کی تقرری کرنے کا حکم دیا ۔ یاد رہے کہ ودربھ کا میل گھاٹ علاقہ مہاراشٹر کا سب سے پسماندہ علاقہ سمجھا جاتا ہے جہاں گائوں تک جانے کے راستے اور پینے کا پانی تک میسرنہیں ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK