• Sat, 20 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کوکاٹے کی سزا قائم مگر ضمانت منظور، رکنیت کافیصلہ اسپیکر کے ذمہ

Updated: December 19, 2025, 11:49 PM IST | Nadeem Asran and Iqbal Ansari | Mumbai

ہائی کورٹ نے طبی بنیاد پر اسپتال میں زیر علاج وزیر کو ذاتی مچلکے پر ضمانت دی ، ناسک پولیس کو فی الحال بیرنگ لوٹنا پڑا، البتہ عدالت نے سیشن کورٹ کی دی ہوئی سزا برقرار رکھی، رکنیت منسوخ کرنے کا فیصلہ اسمبلی اسپیکر پر چھوڑا اب تک کوکاٹے کی اسمبلی کی رکنیت منسوخ نہ کئے جانے پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید، ماہرین نے کہا کہ سزا یافتہ عوامی نمائندے کی رکنیت کے تعلق سے سپریم کورٹ کا حکم واضح ہے ، اسلئے حکومت کا اقدام تسلی بخش نہیں ہے

Uddhav Thackeray claims another minister is about to resign
ادھو ٹھاکرے کا دعویٰ ہے کہ ایک اور وزیر استعفیٰ دینے والا ہے

ریاستی وزیر برائے کھیل کود مانک راؤ کوکاٹے کو بامبے ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ انہیں فی الحال جیل نہیں جانا پڑے گا کیونکہ بامبے ہائی کورٹ نے انہیں طبی بنیادوں پر ضمانت دیدی ہے۔ یعنی فی الحال پولیس وزیر برائے کھیل کود کو گرفتار نہیں کر سکے گی۔ 
  یاد رہے کہ ناسک کی سیشن کورٹ نے ریاستی وزیر برائے کھیل کود مانک راؤ کوکاٹے کو  بد عنوانی کے الزام میں ۲؍ سال کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف کوکاٹے نے بامبے ہائی کورٹ میں اپیل داخل کی تھی جبکہ وہ خود طبیعت خراب ہونے کے سبب ممبئی کے لیلا وتی اسپتال میں داخل ہو گئے تھے۔ انہوں نے ہائی کورٹ سے ناسک سیشن کورٹ کی دی ہوئی سزا کو ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔ بامبے ہائی کورٹ کی سنگل بنچ کے جسٹس آر این لدھا نے نے سزا کو منسوخ کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا تاہم کورٹ نے وزیر کو عبوری راحت دیتے ہوئے ان کی گرفتاری پر روک لگا دی ہے۔ عدالت نے طبیعت کے ناساز ہونے اور لیلاوتی میں ان کا اینجو گرافی ہونے کی بنیاد کوکاٹے کو ایک لاکھ روپے کے ذاتی مچلکہ پر ضمانت دیدی۔
 یاد رہے کہ ناسک پولیس مانک رائو کوکاٹے کی گرفتاری کا وارنٹ لے کے جمعرات کی رات ہی ممبئی آ گئی تھی۔ جمعہ کی صبح وہ اسپتال بھی پہنچی مگر ڈاکٹروںکے یہ بتانے پر کہ مانک رائو کوکاٹے کی طبیعت ناساز ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس ٹیم نے اپنے اعلیٰ افسران سے رابطہ کیا ۔ اس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ کوکاٹے کو ڈسچار ج ملنے کے بعد انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ شام تک عدالت کا فیصلہ بھی آ گیا اور کوکاٹے کی گرفتاری فی الحال ٹل گئی۔  یاد رہے قانون کے مطابق جس عوامی نمائندے کو ۲؍ سال یا اس سے زیادہ کی سزا ہوتی ہے اسے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑتا ہے اور اس کی اسمبلی کی رکنیت بھی منسوخ ہو جاتی ہے۔ استغاثہ نے مانک رائو کوکاٹے کی رکنیت منسوخ کرنے کی بھی اپیل کی لیکن عدالت نے کہا کہ یہ اسمبلی کے اسپیکر کا اختیار ہے اور اس کا فیصلہ اسپیکر ہی کریں گے۔  یاد رہے کہ کوکاٹے پر الزام ہے کہ انہوں نے ۱۹۹۵ء میں وزیر کے کوٹے سے سرکاری مکان کو غیر قانونی طریقے سے اپنے اور اپنے بھائی کے نام الاٹ کیا تھا۔ 

خود کو غریب بتا کر غریبوں کے حصہ کے ۲؍ گھرحاصل کرنے کے معاملے میں  سابق وزیر مانک راؤ کوکاٹے کی رکنیت کالعدم قرار دینے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔بامبے ہائی کورٹ کے ذریعے ناسک کورٹ کی سزا کو برقرار رکھنے سے ان کی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر یا ودھان بھون  کے سیکریٹری کی جانب سے کیاجاسکتا ہے۔ اس دوران مختلف تاثرات بھی آنے لگے ہیں۔
ایک اور وزیر استعفیٰ دے گا : ادھو 
 بامبے ہائی کورٹ کا مانک کوکاٹے کے تعلق سے فیصلہ پر تاثرات دیتے ہوئے شیو سینا (ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’سچائی کبھی چھپائی نہیں جاسکتی، اب جلد ہی دوسرا وزیر بھی استعفیٰ دے گا۔‘‘ انہوں نے کسی کا نام نہ لیتے ہوئے کہا کہ’’ ستارا معاملے میں تھانے کا ایک شخص ہے۔وزیر اعلیٰ انہیں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں جو ٹھیک نہیں ہے۔ ‘‘
  اس سلسلے میں شیو سینا(ادھو) کی ترجمان سشما اندھارے نےاپنے تاثرات دیتے ہوئے کہا کہ ’’جیسے ہی بامبے ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے والا تھا اور اس کا اندازہ ہو گیا کہ فیصلہ خلاف آنے والا ہے، مانک راؤ کوکاٹے جوشدید تکلیف ہونے لگی اور وہ اسپتال داخل ہو گئے۔ ‘‘ جبکہ لیلا وتی اسپتال کے ڈاکٹر جلیل پارکر نے میڈیا کو بتایاکہ ’’مانک راؤ کوکاٹے کو سینے میں تکلیف تھی اور انہیں سانس لینے میں بھی پریشانی ہو رہی تھی۔ انہیں ۴؍بلاکیج تھے اس لئے ان کی اینجیوگرافی کی گئی ہے۔‘‘این سی پی(اجیت) کے ترجمان آنند پرانجپے نے کہا کہ’’مانک راؤ کی انجیوگرافی کے سبب انہیں ۷؍ دنوں تک آرام کرنے کی صلاح دی گئی ہے ۔ ہمیں عدالت پر بھروسہ ہے اور اس فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔ مانک راؤ کے استعفیٰ کے بعد کھیل کود اور اقلیتی امور کا قلمدان نائب وزیر اعلیٰ اجیت کو سونپا گیا ہے ۔‘‘ اس تعلق سے معروف وکیل اسیم سرودے نے کہا کہ’’ ناسک عدالت نے پہلے ہی مانک راؤ کو کاٹے کو ۲؍ سال کی سزا سنائی تھی۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ جس رکن اسمبلی اور پارلیمان کو ۲؍  سال یا اس سے زیادہ کی سزا سنائی جائے اسکی رکنیت کالعدم قرار دی جاتی ہے اس کے باوجود ودھان کے سیکریٹری نے اس پر عمل نہیںکیا گویا یہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف ورزی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK