Inquilab Logo

بھانڈوپ: مہاوترن کے دفتر کے باہر زبردست احتجاج

Updated: October 17, 2020, 6:58 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے ۵؍ماہ کا بجلی بل معاف کرکے لاک ڈاؤن میں پریشان حال صارفین کو راحت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

Communist Party members protest. Photo: Inquilab
کمیونسٹ پارٹی کے اراکین کا احتجاج ۔ تصویر: انقلاب

 لاک ڈاؤن کے دوران مجبوراً لوگ گھروں میں قید رہے اور ان کیلئے روزی روٹی کا زبردست مسئلہ رہا ۔ لاک ڈاؤن میں رعایت کے باوجود معاشی مسئلہ اب بھی برقرار ہے، اس کے باوجود بجلی کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو کسی قسم کی راحت دینے کے بجائے ان پر بھاری بھرکم بجلی بل کا بوجھ لادا گیا جس سے انہیں مزید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ حکومت کے اس رویے کے خلاف جمعہ کو مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے بھانڈوپ میں واقع مہاوترن (ایم ایس ای ڈی سی ایل )کے دفتر کے باہر زبردست احتجاج کیا گیا اوراس کے کارگزار انجینئر کے توسط‌ سے ریاستی وزیر توانائی نتن راؤت کو میمورنڈم دے کر۶؍ مطالبات کئے گئے۔ مظاہرین ہاتھوں میں بڑا بینر اٹھائے ہوئے تھے جس پر بجلی بل اور صارفین کو ہونے والی پریشانی کو نمایاں کیا گیا تھا۔ 
حکومت سے کئے گئے اہم مطالبات 
 بجلی‌کی شرح میں اضافے کو واپس لیا جائے اور اس میں شامل ٹیکس کو رد کیا جائے۔اپریل سے اگست تک۵؍ ماہ کا بجلی بل معاف کیا جائے۔بجلی بل کی قیمت اور اس میں جوڑے گئے مختلف ٹیکس کو کم کیا جائے۔بجلی بل نہ بھر پانے کے سبب صارفین کا کنکشن نہ کاٹا جائے۔بجلی بل پر میٹر کی ریڈنگ تحریر کی جائے تاکہ ریڈنگ واضح ہوسکے۔بجلی کنکشن کٹ جانے کی صورت میں اس کی شکایت ملتے ہی فوری طور پر کنکشن جوڑا جائے۔ 
 یہ عوام کے ساتھ ظلم ہے
 احتجاجی مظاہرے میں پیش پیش رہنے والے آکاش باگل نے کہا کہ لاک ڈاؤن اور اس سے پیدا شدہ مسائل سے عوام سے زیادہ حکومتیں واقف ہیں ۔ اس معاملے میں بار بار کے مطالبے کے باوجود مرکزی حکومت نے تو کوئی توجہ نہیں دی ریاستی حکومت کا رویہ بھی ویسا ہی رہا اور عوام کو کسی قسم کی راحت نہیں دی گئی ۔ سگندھی فرنانڈیز نے کہا کہ یہ صارفین پر دوہری مار ہے۔ ایک تو انہیں کوئی رعایت نہیں دی گئی اور دوسرے وہ روزی روٹی کیلئے پریشان رہے اور اس پر تماشا یہ کہ عوام پر بجلی کی شرح بڑھا دی گئی جس سے لوگوں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا۔ ریاستی وزیر توانائی اس اہم مسئلے پر فوری توجہ دیں اور پانچ مہینے کا بجلی بل معاف کرنے کا اعلان کرکے ممبئی اور‌ مہاراشٹر کے عوام کو راحت دیں ۔ صغیر خان نے کہا کہ جو مطالبات حکومت سے کئے گئے ہیں وہ عوام کا حق ہے اور عوام کو راحت دینا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن افسوسناک پہلو یہ ہے کہ لاک ڈاؤن کے وہ ایام جس میں عوام گھروں میں قید ہونے پر مجبور تھے بجلی بل معاف کرنا تو دور بجلی کی شرح میں اضافہ کرکے صارفین کو مزید پریشان کیا جارہا ہے۔ اس لئے حکومت سے مطالبہ ہے کہ ان عوامی مطالبات پر فوری توجہ دے کر عوام کو راحت دی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK