Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : کوٹرگیٹ مسجد سے ماموں بھانجہ میدان تک۲۲؍واں جلوسِ محمدی ؐ شان و شوکت کے ساتھ نکالا گیا

Updated: August 27, 2026, 11:09 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

عوامی نمائندے، پولیس افسران اور بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول ؐ شریک۔ حضورؐکی تعلیمات پرعمل کرتے ہوئے ملک میں امن، محبت، بھائی چارے اور انسانیت کے پیغام کو عام کرنے کی اپیل۔

Religious scholars and political leaders are seen on the stage at the `Mamu-Bhanja` rally. Picture: INN
ماموں بھانجہ میدان میں اسٹیج پر علماء اور سیاسی لیڈر نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

یہاں بدھ کو کوٹرگیٹ مسجد سے ماموں بھانجہ میدان تک عید میلاد النبیؐ کا۲۲؍ واں روایتی جلوسِ محمدی ؐنہایت شان و شوکت اور سخت پولیس بندوبست کے درمیان نکالا گیا۔ جلوس کی قیادت شیخ الحدیث مفتی زبیر احمد برکاتی مصباحی نے فرمائی۔ 

یہ جلوس شام تقریباً ۴؍ بجے قائد جلوس کی دعا کے بعد کوٹرگیٹ مسجد سے روانہ ہوا۔ نظام پورہ سے ہوتے ہوئے ونجار پٹی ناکہ اور وہاں سے ماموں بھانجہ میدان پہنچ کر جلوس کا اختتام ہوا۔ گراؤنڈ پر وسیع اسٹیج لگایا تھا جہاں نعت اور علماء کے بیانات اور دعا کی گئی۔ اس موقع پرحضورؐکی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ملک میں امن، محبت، بھائی چارے اور انسانیت کے پیغام کو عام کرنے کی اپیل کی گئی۔ 

یہ بھی پڑھئے: عید میلاد النبیؐ پر مختلف فلاحی سرگرمیاں انجام دی گئیں

ہر سال کی طرح اس سال بھی جلوس میں بڑی تعداد میں عاشقانِ رسولؐ شریک ہوئے۔ شرکاء روایتی لباس زیب تن کئے ہوئے تھے۔ وہ اپنے ہاتھوں میں اسلامی پرچم اور علم تھامے درود و سلام، نعت اور مذہبی نعروں کے ساتھ جلوس میں شریک رہے۔ جلوس کے راستے میں عقیدت و محبت کا جوش و خروش نمایاں رہا اور شہر کی فضا درود و سلام کی صداؤں سے گونجتی رہی۔ مختلف مقامات پر عوامی نمائندوں اور سماجی شخصیات نے جلوس کا استقبال کیا۔ 

جلوس کے مختلف راستوں پر مقامی افراد، سماجی و مذہبی تنظیموں اور رضاکاروں کی جانب سے پانی، شربت اور مختلف اشیائے خوردونوش کے اسٹال لگائے گئے تھےجہاں عاشقانِ رسولؐکی خدمت کی گئی۔ مختلف مقامات پر جلوس کے قائدین اور شرکاء کا پرتپاک استقبال بھی کیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی : سڑک کے گڑھوں کیخلاف این سی پی کا انوکھا احتجاج

سخت حفاظتی انتظامات 

جلوس کے پیش نظر پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئےگئے تھے۔ اہم راستوں پر پولیس کا بندوبست رہا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ نیز رضاکار بھی تعینات کئے گئے تھے۔ پولیس افسران جلوس کے ساتھ رہتے ہوئے پورے انتظامات کی نگرانی کرتے رہے۔ 

جلوس میں رکن پارلیمان سریش مہاترے، مشرقی حلقہ کے رکن اسمبلی رئیس شیخ، این سی پی کے سربراہ شعیب خان گڈو، سماجوادی پارٹی کے سربراہ ریاض اعظمی، ڈی سی پی ڈاکٹر پون بنسوڈ، دیگر پولیس افسران، بلا تفریق مذہب و ملت سیاسی و سماجی لیڈر اور بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول ؐ شریک تھے۔ 

واضح رہے کہ عید میلاد النبیؐ کے اس۲۲؍ ویں روایتی جلوس کا انعقاد اور انتظام رضا اکیڈمی بھیونڈی کی جانب سے کیا گیا۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK