’پروفیٹ فار آل‘ مہم کے تحت صفائی عملے، معمرافراد، بیوائوں، یتیموں، نابینائوں اور مریضوں سے ملاقات کی گئی، انہیں تحائف پیش کئے گئے اور ان کی ضیافت کی گئی۔
EPAPER
Updated: August 27, 2026, 10:43 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
’پروفیٹ فار آل‘ مہم کے تحت صفائی عملے، معمرافراد، بیوائوں، یتیموں، نابینائوں اور مریضوں سے ملاقات کی گئی، انہیں تحائف پیش کئے گئے اور ان کی ضیافت کی گئی۔
’پروفیٹ فار آل‘ مہم کے تحت بدھ کو عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر شہر ومضافات کے متعدد علاقوں میں ملّی، فلاحی اور سماجی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ ان تقریبات کے ذریعے حضور اکرمؐ کی سیرت مبارک کو بالخصو ص برادران وطن تک پہنچانے کی بھرپور کوشش کی گئی۔ مسلم اکثریتی علاقوں کی سوسائٹیوں میں صفائی ملازمین سے ملاقات کی گئی، انہیں تحائف پیش کئے گئے اور ان کی ضیافت کانظم کیا گیا۔ اس کے علاوہ عمررسیدہ افراد، بیوائوں ، یتیموں ، نابینائوں اور اسپتال میں مریضوں سے ملاقات کی گئی۔ ان نادار اور مسکین لوگوں سے ان کی خیریت دریافت کی گئی۔ انہیں تحائف پیش کئے گئے۔
یہ بھی پڑھئے: پولی مارکیٹ میں ٹائم پرسن آف دی ایئر کیلئےٹرمپ کے حریف آگے
پروفیٹ فار آل مہم کے کورکمیٹی کے رکن فرید خان نے انقلاب کو بتایا کہ ’’ مجگاؤں کی اے ایم ریسیڈنسی ہائوسنگ سوسائٹی میں منعقدہ تقریب میں ۲۰؍ صفائی ملازمین جن میں خواتین بھی شامل تھیں، نے حصہ لیا۔ شرکاء سےبات چیت کی گئی۔ انہیں عیدمیلادالنبیؐ کے دن کی اہمیت بتائی گئی۔ آپ ؐ کی زندگی کے اعلیٰ اوصاف اور تعلیما ت پر روشنی ڈالی گئی۔ صفائی ملازمین ہمارے گھروں اور محلوں کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے جو محنت کرتے ہیں ، اس کا شکریہ ا داکیا گیا۔ ا نہیں تحفے پیش کئے گئے اور ان کی ضیافت کی گئی۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: ڈیم بھرے ہونے کے باوجود عوام بوند بوند پانی کو محتاج!
فرید خان کے مطابق ’’دوسرا پروگرام کاٹن گرین کے این اے ایس ڈی انڈسٹریل ہوم فار بلائنڈ کے انتظامیہ سے پیشگی منظوری کے بعد منعقد کیاگیا۔ یہاں نابینا افراد کو تربیت دی جاتی ہے۔ انہیں مختلف ہنر سے آراستہ کیا جاتاہے تاکہ وہ محنت کر کے اپنی کفالت کر سکیں ۔ تقریب میں تقریباً ۴۰؍ نابیناافراد موجود تھے۔ ان نابینائوں کو عید میلادالنبیؐ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے فرید خان نے آسان الفاظ میں حضرت محمدؐ کی دنیا میں بحیثیت پیغمبر آمدکی تفصیلات بیان کیں اور ان کے ذریعے کس طرح دنیا میں کمزوروں، مظلوموں اور محروم طبقات کیلئے مساوات اور انصاف کا نظام قائم کیا گیا، وہ بتایا گیا۔ ‘‘
چونکہ یہاں مراٹھی نابینا افراد کی تعداد زیادہ تھی اس لئے معروف شاعر سریش بھٹ کی مراٹھی نعت بھی سنائی گئی۔ امول راٹھوڑ نامی ایک تعلیم یافتہ نابینا نے بھی آپ ؐ کی شخصیت کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ارمان شمسی نے مراٹھی میں اسلام کی بنیادی تعلیمات کے بارے میں بتایا۔ سبھی شرکا ءکو پھول دے کر ان کی تہنیت کی گئی۔ نابینا بھائیوں کیلئے ناشتے کا انتظام کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: ایس ٹی ڈپو تالاب میں تبدیل!
مختلف پروگراموں کا انعقاد
مذکورہ مہم سے وابستہ ڈاکٹر پروفیسر قاسم امام کے بقول’’ عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر گوونڈی اور دھاراوی میں چوتھے درجے کے ملازمین سے خصوصی ملاقات کا اہتمام کیاگیا اور ان کے طعام کا انتظام کیا گیا۔ اسی طرح ان علاقوں میں اس مبارک دن پر مقامی ڈاکٹروں نے برادران وطن مریضوں سے فیس نہیں لی اور دوائیں بھی مفت میں دیں ۔ نوی ممبئی کے کچھ اسپتالوں میں مریضوں میں پھل تقسیم کرنے کا پروگرام کیا گیا ۔ تھانے میں کینسر کی تشخیص کا کیمپ لگایا گیا۔ اورنگ آباد اور پربھنی میں شجرکاری کی گئی۔ ‘‘
مہم کا تعارف پیش کیا گیا
ان پروگراموں کے دوران پروفیٹ فار آل مہم کا تعارف پیش کیا گیا۔ تمام حاضرین کو عیدمیلاد النبیؐ کی مبارکباد پیش کی گئی ساتھ ہی حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کی بنیادی تعلیمات ، محبت، رحم، مساوات، انسانیت اور خدمت ِ خلق پر گفتگو کی گئی۔