یہاں چاوندرہ۔ رام نگر ڈمپنگ گراؤنڈ میں سنیچر کے روز پیش آئے ایک دل دہلا دینے والے حادثے میں ڈمپر کی زد میں آکر تین سالہ بچی ہلاک ہوگئی، جس کے بعد مقامی شہریوں کا غصہ پھوٹ پڑا۔ مشتعل افراد نے ڈمپنگ گراؤنڈ پر واقع میونسپل ملازمین کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور حادثے میں ملوث ڈمپر کو آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت شنایا عبدالحق(۳)کے طور پر ہوئی ہے۔
متوفی بچی شنایا عبدالحق۔ تصویر: آئی این این
یہاں چاوندرہ۔ رام نگر ڈمپنگ گراؤنڈ میں سنیچر کے روز پیش آئے ایک دل دہلا دینے والے حادثے میں ڈمپر کی زد میں آکر تین سالہ بچی ہلاک ہوگئی، جس کے بعد مقامی شہریوں کا غصہ پھوٹ پڑا۔ مشتعل افراد نے ڈمپنگ گراؤنڈ پر واقع میونسپل ملازمین کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور حادثے میں ملوث ڈمپر کو آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت شنایا عبدالحق(۳)کے طور پر ہوئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق رام نگر کی ایک خاتون اپنی تین سالہ بیٹی شنایا کو ساتھ لے کر ڈمپنگ گراؤنڈ کے قریب واقع ایک گودام میں کام کرنے گئی تھی۔ اس دوران بچی سڑک کنارے کھیل رہی تھی کہ کچرا خالی کرنے کے لیے آنے والے ایک ڈمپر نے گاڑی ریورس کی۔ ڈرائیور کو بچی نظر نہ آنے کے باعث وہ ڈمپر کے پچھلے پہیوں کے نیچے آگئی اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد بچی کو علاج کی غرض سے اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی عوامی نمائندے اسپتال اور جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ انہوں نے ڈمپر ڈرائیور کے خلاف سخت قانونی کارروائی، متاثرہ خاندان کو فوری مالی امداد اور مناسب معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب حادثے سے مشتعل شہریوں نے ڈمپنگ گراؤنڈ میں واقع میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی، فرنیچر باہر پھینک دیا اور حادثے میں ملوث ڈمپر کو آگ کے حوالے کر دیا، جس کے باعث علاقے میں کچھ دیر کے لیے کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کردی گئی۔ پولیس نے حالات کو قابو میں لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں اور ڈمپر ڈرائیور کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔