رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی کا مطالبہ، انہوں نے شریعت میں مداخلت کے سلسلے کو بند کرنے اور پسماندہ، دلت اور اقلیتوں کو پریشان نہ کرنے کی بھی مانگ کی۔
EPAPER
Updated: November 05, 2026, 1:52 PM IST | Iqbal Ansari | Azad Maidan
رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی کا مطالبہ، انہوں نے شریعت میں مداخلت کے سلسلے کو بند کرنے اور پسماندہ، دلت اور اقلیتوں کو پریشان نہ کرنے کی بھی مانگ کی۔
سماجوادی پارٹی ( ایس پی) کے مہاراشٹرکے صدر اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے بدھ کو آزاد میدان کے قریب واقع مراٹھی پتر کار سنگھ میں پریس کانفرنس کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پی ڈی اے (پچھڑے، دلت اور اقلیت) کو ستانا اور نفرت کی سیاست کرنا بند کرے۔ انہوں نے یکساں سول کوڈ( یو سی سی)کے سروے کے تعلق سے کہا کہ ایک تو سروے میں شہریوں کے فون نمبر،مذہب اور عمر وغیرہ پوچھی جارہی ہے جس سے عوام میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے ، اس کے علاوہ یو سی سی کے تعلق سے سیدھے سوالا ت نہ پوچھ کر گھما پھرا کر پوچھا جارہا ہے جو گمراہ کن ہے۔ ابو عاصم اعظمی نے مطالبہ کیاکہ یو سی سی کے سروے میں متعلقہ اور سیدھا سوال پوچھا جائے ، عوامی رائے دینے کی میعاد ۱۵؍ نومبر سے بڑھائی جائے ۔ انہوں نے الزام لگایاکہ ۲۵۰؍ سال پہلے سے شریعت میں مداخلت کرنے کی سازش رچی جارہی ہے اور ’یو سی سی‘ اسی کا ایک شوشہ ہے۔
اس پریس کانفرنس میں کانگریس کے لیڈر احمد علی خان اور عام آدمی پارٹی کے رکن رہے ایڈوکیٹ کسومیکر کوشک نے اپنے حامیوں کے ساتھ سماجوادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔پریس کانفرنس میں معراج صدیقی بھی موجو تھے۔
یہ بھی پڑھئے:سپریم کورٹ کی سختی کے بعد بوریولی میں ۲۷؍دکانوں کا انہدام
ابو عاصم اعظمی نے کہاکہ ’’ قرآن شریف میں ازواجی زندگی کے تمام مسائل بیان کئے گئے ہیں ۔ شریعت سے بہتر کوئی قانون ہو ہی نہیں سکتا، اس کے باوجود بی جے پی اقتدار والی ریاستوں میں یو سی سی کو نافذکرنے کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے جو کہ غیر آئینی ہے کیونکہ ملک کا آئین ہر شخص کو اپنے مذہب اور شریعت پر عمل کرنے کی آزادی دیتا ہے ۔ ‘‘پریس کانفرنس میں شامل نوجوان وکلاءنے بھی آئین ہند کی متعدد دفعات بتائیں جن میں ہر شہری کو اپنے من پسند مذہب پر عمل کرنے کی آزادی دی ہے۔انہوں نے عوام میں یو سی سی اور اپنے حقوق سے متعلقہ بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اعظم خان کی دوبارہ گرفتار کر تنقید
اتر پردیش کے سینئر لیڈر اعظم خان کو منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت ملنے کے فوراً بعد دوبارہ ۱۴؍دن کی عدالتی حراست میں بھیجے جانے پر ابو عاصم اعظمی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کی جانب سے جان بوجھ کرپی ڈی اے (پچھڑے، دلت اور اقلیت) سے تعلق رکھنے والے لیڈروںکو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعظم خان کو جیسے ہی ایک کیس میں ضمانت ملتی ہے، ان پر فوراً نیا کیس درج کر دیا جاتا ہے، لیکن اب عوام بیدار ہو چکے ہیں۔
اداکارہ دِیا مرزا کے ویڈیو تنازع پر ہائی کورٹ کے فیصلے کی ستائش
ابو عاصم اعظمی نے بامبے ہائی کورٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جس میں عدالت نے بی ایم سی کو اداکارہ دِیا مرزا کی آلودگی سے پاک دیوالی منانے کی اپیل کا ویڈیو دوبارہ اپ لوڈ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ عدالت کے اس اقدام سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ملک میں انصاف ابھی زندہ ہے۔ انہوں نے عدالتوں سے حکومت کے کسی بھی دباؤ میں نہ آنے کی اپیل کی ۔اس سے قبل انہوں نے دیونار ڈمپنگ گراؤنڈ سے کچرا ہٹانے ،وہاںماحولیاتی آلودگی اور ٹریفک کے مسائل پر بھی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔