Inquilab Logo

بھیونڈی: اسپتالوں میں دستیاب بیڈ سے متعلق غلط معلومات فراہم کرنے کا الزام

Updated: May 04, 2021, 9:58 AM IST | khalid abdul Qayyum | Mumbai

کارپوریشن کی جانب سے بیڈ خالی ہونے کی معلومات دی جاتی ہے جبکہ اسپتال یہ کہتے ہوئے کہ بیڈ خالی نہیں ہے مریضوں کو داخل نہیں کر رہے ہیں

Khudabakhsh Covid Care Center.Picture:Midday
خدابخش کووِڈ کیئر سینٹر تصویر مڈڈے

:یہاںمیونسپل کارپوریشن پرکورونا سے متاثر مریضوں کیلئے اسپتالوں میں دستیاب بیڈ کے بارے میں دروغ گوئی کا الزام عائد کیا گیاہے۔ سماجی تنظیم مومنٹ فور پیس اینڈ جسٹس(ایم پی جے) اور پربھاگ سمیتی۵؍کے چیئر مین نے  اسپتالوں کا دورہ کرنے کے بعد مذکورہ الزام عائد کیا ہے۔
 واضح ہوکہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہر روز مریضوں کی تعداد اور کووِڈ سے متاثرہ مریضوں کے علاج کرنے والے اسپتالوں کی فہرست کے ساتھ ہی ان میں دستیاب بیڈ سےمتعلق معلومات بھی فراہم کی جاتی ہے۔ایم پی جے کے صدر تنظیم انصاری نے انقلاب کو بتایا کہ انہوں نے متعدد مریضوں کی شکایت کے بعد خدابخش کووِڈ کیئر سینٹر میں بیڈ کی دستیابی کیلئے ٹول فری نمبر پر فون کیا تو  بتایا گیا کہ وہاں بیڈ دستیاب نہیں ہے۔جبکہ کارپوریشن کی فہرست میں  وہاں ۷۰؍بیڈ خالی بتایاجارہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ایم پی جے کے ذمہ دار ڈاکٹر انتخاب شیخ،محمد علی کے ساتھ  پربھاگ سمیتی ۵؍ کے چیئرمین کارپوریٹرفراز بہاؤالدین کے ساتھ جب ہم خدابخش کووِڈ سینٹر  گئے تو واقعی وہاں بیڈ خالی نہیں تھے۔تاہم کارپوریشن کے دوسرے سینٹر ورال دیوی کووِڈ سینٹر پر  اعداد و شمار برابر تھے۔
 ایم پی جے کے صدر نے بتایا کہ اسی طرح ہم نجی اسپتالوں کا جائزہ لینے کی غرض سے اورنج اسپتال پہنچے ۔جہاں کارپوریشن کی فہرست میں۶۰؍بیڈ بتایا جارہاہے۔کارپوریشن کے دعوے کے برعکس اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ کووِڈ کے مریضوں کیلئے اسپتال میں صرف ۳۸؍بیڈ ہی ہے۔اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ اسپتال میں  ۳۸؍بیڈ کورونا سے متاثر مریضوں کیلئے مختص ضرورہیں لیکن اس وقت اسپتال میں کورونا سے متاثر۱۸؍مریض زیر علاج ہیں،اس سے زیادہ ہم ایک بھی مریض  اسپتال میں داخل نہیں کررہے ہیںکیونکہ اسپتال میں آکسیجن نہیں ہے۔ایک دوسرے اسپتال کی کیفیت بھی کچھ ایسی ہی تھی ۔ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں بیڈ تو ہے لیکن آکسیجن نہ ہونے کے سبب ہم مریض ایڈمٹ نہیں کررہے ہیں۔تنظیم انصاری نے کہا کہ کارپوریشن کو اپنی فہرست حقیقت پر مبنی ہی شائع کرنی چاہئے تاکہ شہری گمراہ نہ ہوں اور انہیں دستیاب طبی سہولیات کے متعلق حقیقی صورت حال سے واقف ہوں۔
 کارپوریٹر فراز بہاؤالدین(بابا)نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کی حدود میں۱۵؍اسپتال ڈی سی ایچ سی اور ۹؍اسپتال ڈی سی ایچ ہیں۔کارپوریشن کی جانب سے سبھی اسپتالوں میں بیڈ خالی ہونے کی معلومات دی جاتی ہے۔فہرست کے مطابق جب مریض  اسپتال پہنچتے ہیںتو انہیں بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ اسپتال میںبیڈ خالی ہی نہیں ہے۔انہوں نے اس کی تحریری شکایت میونسپل کمشنر سے کی ہے۔
 میونسپل کارپوریشن کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹرکے آر کھرات نے بتایا کہ کورونا اسپتال میں بیڈ کی دستیابی کیلئے میونسپل کمشنر کی جانب سے  نوڈل آفیسرز تقرر کئے گئے ہیں جو ہر روز اسپتالوں سے معلومات لے کر کارپوریشن کو دیتے ہیں۔ اگر نوڈل آفیسر کے ذریعہ غلط معلومات دی جارہی ہے تو شہریوں کو اس کے بارے میں شکایت کرنی چاہئے۔نیز انہوں نے کہا کہ وہ اس کی شکایت میونسپل کمشنر سے بھی کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK