شہر کے ٹیمگھر علاقے میں واقع اسٹیم واٹر پلانٹ میں نصف شب کلورین گیس کے اچانک رساؤ کا واقعہ پیش آیا۔
EPAPER
Updated: September 10, 2025, 5:02 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
شہر کے ٹیمگھر علاقے میں واقع اسٹیم واٹر پلانٹ میں نصف شب کلورین گیس کے اچانک رساؤ کا واقعہ پیش آیا۔
شہر کے ٹیمگھر علاقے میں واقع اسٹیم واٹر پلانٹ میں نصف شب کلورین گیس کے اچانک رساؤ کا واقعہ پیش آیا۔ اس حادثے نے نہ صرف پلانٹ کے ملازمین کو متاثر کیا بلکہ اطراف کی بستیوں میں بھی خوف و ہراس کی کیفیت پیدا کر دی۔ کلورین گیس کا اثر اتنا شدید تھا کہ اس کی بُو ۳؍ سے ۴؍ کلومیٹر دور تک محسوس کی جارہی تھی۔
۵؍ ملازمین متاثر، ۲؍ اب بھی زیر علاج
گیس رساؤ کے سبب ۵؍ ملازمین براہِ راست متاثر ہوئے، جن میں واچ مین اکھلیش مشرا، کیمسٹ فلٹر پرکاش پاٹل، ہیلپر رشی کیش مہاترے، فلٹر ہیلپر وپل چودھری اور پی ایس ای ہیلپر جیونت چودھری شامل ہیں۔ تمام متاثرین کو فوری طور پر شہر کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ڈاکٹروں نے ابتدائی علاج کے بعد ۳؍ افراد کو ڈسچارج کردیا، تاہم اکھلیش مشرا کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے جبکہ پرکاش پاٹل جنرل وارڈ میں زیر علاج ہیں۔
فوری طور پر حرکت میں آیا انتظامیہ
اطلاع ملتے ہی میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل میونسپل کمشنر وٹھل ڈاکے، محکمہ آب رسانی کے ایگزیکٹیو انجینئر سندیپ پٹناور، فائر بریگیڈ کا عملہ، ایمرجنسی سیل کے ملازمین، سیفٹی آفیسر اور شانتی نگر پولیس اسٹیشن کے اعلیٰ افسران فوراً موقع پر پہنچے۔ قریبی علاقے کو خالی کرانے کے احکامات دیے گئے اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ اس دوران ٹریفک کو روکنے کے لئے حفاظتی پٹیاں لگائی گئیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔
فائر بریگیڈ نے گیس پر قابو پایا
فائر بریگیڈ کے جوانوں نے بھرپور کوشش کرکے کلورین گیس کے اخراج پر قابو پالیا۔ حفاظتی ماسک اور جدید آلات کے ذریعے پلانٹ کے اندر داخل ہوکر صورتحال کو کنٹرول میں لایا گیا۔ ذرائع کے مطابق اگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو حادثہ بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا سبب بن سکتا تھا۔
انتظامیہ کا بیان
اس سلسلے میں محکمہ آب رسانی کے ایگزیکٹیو انجینئر سندیپ پٹناور نے بتایا کہ ’’گیس کے رساؤ کو رات ہی میں کنٹرول کرلیا گیا تھا۔ شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لئے مزید حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔‘‘