Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی :کچرا پروسیسنگ کی آڑ میں کروڑوں روپے کے گھپلے کا دعویٰ

Updated: July 08, 2025, 10:35 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

سابق کارپوریٹر نے الزام لگایا کہ نہ کوئی مشین، نہ کوئی پروسیسنگ صرف جے سی بی اور پَوک لین سے کچرے کو منتقل کیا جارہا

A pile of garbage can be seen at the dumping ground (file photo)
ڈمپنگ گراؤنڈ پر کوڑے کا انبار دیکھا جاسکتا ہے(فائل فوٹو)

کہانی ایک ایسے شہر کی، جہاں سڑکوں پر گندگی کے انبار لگے ہیں، نالے ابل رہے ہیں اور ہر گلی میں بدبو سے گھٹن ہے۔ مگر کاغذی کارروائیوں میں یہاں کچرے کا نام و نشان تک نہیں! کیونکہ یہاں ’کچرا پروسیسنگ کا ‘ کامیاب منصوبہ مکمل ہوچکا ہے۔ — وہی منصوبہ، جس کے پیچھے کروڑوں روپے کی بدعنوانی کئے جانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔
  معاملہ یہ ہے کہ بھیونڈی میں روزانہ۴۰۰؍ میٹرک ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے۔اسی باعث  شہر کے کنارے واقع ’’چاوندرا رام نگر ڈمپنگ گراؤنڈ‘‘ کچرے کے پہاڑوں میں بدل چکا ہے۔ جگہ ختم ہوئی تو میونسپل انتظامیہ نے سوچا کہ سائنسی طریقے سے کچرا ختم کیا جائے اور زمین پھر سے کارآمد بنائی جائے۔اس مقصد کیلئے  ایک کمپنی کو۴۱۱؍ روپے فی ٹن کے حساب سے تقریباً۴؍ لاکھ۶۲؍  ہزار میٹرک ٹن کچرے کو بایو مائننگ اور دیگر سائنسی طریقوں سے ٹھکانے لگانے کا ٹھیکہ دیا گیا، جس کی مالیت تقریباً۱۹؍  کروڑ روپے بنتی ہے۔ معاہدہ۱۳؍ اکتوبر۲۰۲۳ء  کو طے پایا تھا۔شرط یہ تھی کہ جدید مشینری لگائی جائے، بایو مائننگ ہو، قیمتی اشیاء نکالی جائیں اور باقی کچرے کو ماحول دوست طریقے سے صاف کیا جائے۔لیکن زمینی حقیقت کچھ اور ہے۔ 
 سابق کارپوریٹر خان مطلوب افضل ( مطلوب سردار) نے انقلاب سے بات چیت کے دوران  دعویٰ کیا کہ وہاں نہ کوئی مشین، نہ کوئی پروسیسنگ صرف جے سی بی اور پَوک لین مشینوں سے کچرے کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ کام نہ ہونے کے باوجود کروڑوں روپے کا بل پاس، اور پیسہ خاموشی سے ادا بھی کر دیا گیا انہوں نے مزید کہا کہ یہ تو کچرے کے نام پر کروڑوں کا کھیل ہے! نہ صفائی ہوئی، نہ مشینری، صرف کاغذوں پر کارنامے، اور میونسپل کارپوریشن کی ملی بھگت سے خزانے کو لوٹ لیا گیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’  گزشتہ کئی مہینوں سے وہ اس گھوٹالے کی شکایت کر رہے ہیں، لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ اسکی شفاف تحقیقات ہو اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔‘‘
 اس معاملے پر میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر وکرم داراڈے نے وضاحت دی ہے کہ ٹھیکیدار کے کام پر نگرانی کیلئے عملہ موجود ہوتا ہے اور بل کی ادائیگی سے قبل ’تھرڈپارٹی‘ سے جانچ بھی کرائی گئی ۔  فی الحال برسات کے باعث کام روک دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK