Inquilab Logo Happiest Places to Work

یو ایس اوپن میں یانک سنر کی پیشقدمی

Updated: August 31, 2025, 6:59 PM IST | New York

عالمی نمبروَن یانک سنر یو ایس اوپن۲۰۲۵ء کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے مردوں کے سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میں کنیڈا کے ڈینس شاپووالوف کو شکست دی۔اسی دوران تھرڈ سیڈیڈ الیگزینڈر زیوریو اپ سیٹ کا شکار ہو گئے۔ ویمنز سنگلز میں عالمی نمبروَن آرینا سبالینکا، ایگا سواتیک، ناؤمی اوساکا اور کوکو گاف بھی چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔

Yannick Sinner.Photo:INN
یانک سنر۔ تصویر:آئی این این

عالمی نمبروَن یانک سنر یو ایس اوپن۲۰۲۵ء کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے مردوں کے سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میں کنیڈا کے ڈینس شاپووالوف کو شکست دی۔ سنر نے یو ایس اوپن ۲۰۲۵ء کے تیسرے راؤنڈ میں ڈینس شاپووالوف کے خلاف سخت مقابلہ کھیلا۔میچ کے آغاز میں شاپووالوف نے جارحانہ انداز دکھایا اور پہلا سیٹ ۵۔۷؍سے جیت لیا تاہم اس کے بعد سنر نے شاندار واپسی کی۔ انہوں نے لگاتار تین سیٹ۴۔۶، ۳۔۶، ۳۔۶؍ سے جیت کر میچ جیت لیا۔

الیگزینڈر زیوریوکی ہار
 کنیڈا کے اسٹار ٹینس کھلاڑی فیلکس اوگر الیاسیمے نے ایک بار پھر اپنے کریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری سیڈ الیگزینڈر زیوریو کو شکست دے کر یو ایس اوپن۲۰۲۵ء کے چوتھے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کر لیا۔ ۲۵؍ سالہ فیلکس اوگر الیاسیمے  نے زیوریو کو۶۔۴، ۶۔۷، ۴۔۶، ۴۔۶؍سے شکست دینے کے لئے جارحانہ ماسٹر کلاس کا مظاہرہ کیا۔  اوگر الیاسیم نے میچ کے بعد کہا’’یہ بہت اچھا لگ رہا ہے۔ کام ابھی مکمل نہیں ہوا ہے لیکن یہ میرے لیے کافی معنی رکھتا ہے۔ آج رات سب کچھ بہت اچھا ہوا۔‘‘

سواتیک مسلسل پانچویں بار  آخری ۱۶؍ میں پہنچ گئی ہیں۔ خواتین میں پولش کھلاڑی سواتیک  نے سخت چیلنج کے باوجود تیسرے راؤنڈ میں روس کی اینا کالنسکیا کو شکست دی۔ انہوں نے پہلے سیٹ میں برابری کا مظاہرہ کیا اور ٹائی بریکر۶۔۷؍سے جیت لیا۔ کالنسکیا نے دوسرے سیٹ میں بھی اچھا کھیل پیش کیا لیکن سواتیک نے دوسرا سیٹ۴۔۶؍ سے جیت لیا۔  سواتیک مسلسل پانچویں بار یو ایس اوپن کے آخری ۱۶؍ میں پہنچی ہیں۔ کوکو گاف نے میگڈالینا فریک کو بآسانی۳۔۶، ۱۔۶؍ سے شکست دی۔ ناؤمی  اوساکا نے ڈاریا کاشتکینا کو۰۔۶، ۴۔۶، ۴۔۶؍  سے ہرا کر چوتھے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کرلیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK