انتظامیہ الرٹ، قر بانی مراکز پر صاف صفائی پر خصوصی توجہ، ۳۵؍ٹینکر اور۲۰۰؍ گاڑیاں تعینات رہیں گی۔
EPAPER
Updated: May 16, 2026, 12:52 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
انتظامیہ الرٹ، قر بانی مراکز پر صاف صفائی پر خصوصی توجہ، ۳۵؍ٹینکر اور۲۰۰؍ گاڑیاں تعینات رہیں گی۔
بقر عید کے پیشِ نظر بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن نے شہر بھر میں بڑے پیمانے پر انتظامات مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ میونسپل کمشنر نے انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے۔ ۲۷؍مئی سے شروع ہونے والے ۳؍ روزہ تہوار کے دوران قربانی، صفائی، پانی کی فراہمی، فضلہ نکاسی، جانوروں کی طبی جانچ اور امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
میونسپل کمشنر انمول ساگر نے مسلسل جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ میونسپل انتظامیہ کی جانب سے شہر میں قانونی قربانی مراکز مقرر کئے جا رہے ہیں اور شہریوں سے صرف انہی مقامات پر قربانی انجام دینے کی اپیل کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ویٹرنری ڈاکٹروں کی جانچ کے بعد ہی جانوروں کی قربانی کی اجازت ہوگی۔ اس مقصد کے لئے خصوصی ویٹرنری ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ قربانی مراکز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: اِن طلبہ کے لئے نیٹ کا امتحان دوبارہ دیناایک اور پہاڑ سَر کرنے جیسا ہو گا
بقرعید کے دوران صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئے۳۵؍ پانی کے ٹینکر، ۲۰۰؍ٹیمپو اور ڈمپر، ۱۷؍جے سی بی مشینیں اور ۳؍کرینیں میدان میں اتاری جائیں گی۔ اس کے علاوہ جانوروں کے فضلے کو فوری طور پر اٹھانے اور مقررہ مقامات پر ٹھکانے لگانے کے انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی ہے کہ فضلہ دفنانے کے مقامات پر مسلسل جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی بدبو یا آلودگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کمشنر انمول ساگر نے پولیس محکمہ کے ساتھ تال میل بڑھاتے ہوئے قانون و انتظام کی صورتحال پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔ مہاڈا کالونی میں قائم ہونے والے بکرہ بازار کے نظم و نسق، ٹریفک کنٹرول اور حفاظتی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہائی کورٹ کی ہدایات اور سرکاری اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے پُرامن ماحول میں بقرعید کا تہوار منائیں۔