Inquilab Logo

بھیونڈی:دیہی علاقوں کے مقابلے شہری علاقوں میں خصوصی راشن کٹ سے اب بھی ہزاروں صارفین محروم

Updated: April 14, 2023, 11:03 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

ریاستی حکومت نے گڈی پاڑو ا اور بابا صاحب امبیڈکر جینتی کے موقع پر راشن کارڈ ہولڈروں میں آنند راشن کٹ کی تقسیم کا اعلان کیا تھا۔

صارفین کو دی جانے والیخصوصی راشن کٹ۔
صارفین کو دی جانے والیخصوصی راشن کٹ۔

ریاستی حکومت نے گڈی پاڑو ا اور بابا صاحب امبیڈکر جینتی کے موقع پر  راشن کارڈ ہولڈروں میں آنند راشن کٹ کی تقسیم کا اعلان کیا تھا۔ تاہم بھیونڈی شہر میں اب تک محض ۴۰؍فیصدصارفین کوہی یہ کٹ ملی ہے۔ہزاروں صارفین  اب بھی اس سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ان میں ناراضگی ہے۔شہر کے برعکس دیہی علاقوں میں راشن کٹ کی تقسیم مستعدی سے کی جارہی ہے۔ وہاں کے تقریبا۹۳؍فیصد  صارفین میں کٹ تقسیم کی جاچکی ہے۔یاد رہے کہ ریاستی حکومت نے زعفرانی (اورینج)رنگ کے راشن کارڈ صارفین کوگڈی پاڑوا اور امبیڈکر جینتی کے موقع پر راشن کارڈ صارفین کو ۱۰۰؍روپے میں خصوصی راشن کٹ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
 اس خصوصی راشن کٹ میں ایک کلو چینی، ایک کلو روا، ایک لیٹرتیل اور ایک کلو چنے کی دال ہوگی لیکن اب تک بیشتر دکانوں کو پورا راشن نہیں ملا ہے۔ ایک دکاندار نے بتایا کہ کچھ دکانوں میں چینی اور روا جبکہ کچھ دکانوں کو تیل اور چنے کی دال دی گئی ہے۔   راشن کی مکمل کٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے راشن تقسیم نہیں کیا جا رہا ہے۔ خصوصی راشن کی مکمل کٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے دکانداروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ دکانداروں نے بتایا کہ   خصوصی راشن کٹ کے پیسے جمع کرانے کے بعد بھی انہیں پورا راشن نہیں مل رہا ہے۔ بابا صاحب امبیڈکر جینتی تک ’آنند کا راشن‘ نہ ملنے کی وجہ سے صارفین میں کافی ناراضگی ہے۔اس بارے میں راشننگ آفیسرروی گرگ  نے بتایا کہ۱۸۰۰؍ صارفین کوکٹس دی جاچکی ہے۔ ’آنند کے راشن‘ کی عدم فراہمی کی وجہ سے، زیادہ تر مستفیدین کو ڈاکٹر امبیڈکر جینتی  تک راشن نہیں مل سکا ہے جس کی وجہ سے صارفین  میں شدید ناراضگی ہے۔ راشن افسر نے بتایا کہ گودام میں روزانہ راشن کٹ پہنچ رہی ہیں جو راشن دکانداروں کو فراہم کی جارہی ہے۔ تقریباً ۴۰؍سے ۴۵؍ فیصد راشن آچکا ہے جس کی تقسیم دکانداروں کے ذریعے صارفین میں کردی گئی ہے۔ مزیدراشن آنے کے بعد اسے بھی صارفین تک پہنچادیا جائے گا۔
 دیہی علاقے کیلئے بھیونڈی تعلقہ راشن   آفس کے تحت ۴۵؍ہزار ۴۹۸؍صارفین میں خصوصی راشن کٹ تقسیم کی جانی تھی جس کے مدنظر   ۴۵؍ہزار۲۸؍راشن کٹ دکانداروں کو فراہم کردی گئی ہے۔ تعلقہ سپلائی آفیسر سندھو کھاڑے نے بتایا کہ ان میں ۴۲؍ہزار ۱۳۸؍یعنی تقریبا۹۳؍فیصد صارفین تک راشن پہنچ گیا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ باقی کٹ بھی جلد از جلد تقسیم کر دی جائے گی۔

ration kit Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK