ایک ویڈیو بیان میں تینوں جماعتوں کے قائدین نے واضح کیا کہ میونسپل کارپوریشن کا آئندہ میئر اسی سیکولر اتحاد کا ہوگا، بی جے پی پر سازش کا الزام
EPAPER
Updated: January 24, 2026, 11:23 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
ایک ویڈیو بیان میں تینوں جماعتوں کے قائدین نے واضح کیا کہ میونسپل کارپوریشن کا آئندہ میئر اسی سیکولر اتحاد کا ہوگا، بی جے پی پر سازش کا الزام
بھیونڈی۔نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن میں میئر کے انتخاب سے قبل کانگریس، این سی پی (شرد پوار گروپ) اور سماجوادی پارٹی نے مشترکہ طور پر ’بھیونڈی سیکولر فرنٹ‘ قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جمعہ کی دیر شب جاری ویڈیو بیان میں تینوں جماعتوں کے قائدین نے واضح کیا کہ میونسپل کارپوریشن کا آئندہ میئر اسی سیکولر اتحاد کا ہوگا۔ لیکن سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق بی جے پی خفیہ طور سرگرم ہے اور وہ اس اتحاد کو توڑنے کے لیے کسی بھی مہرے کو آگے کرسکتی ہے۔
واضح ہوکہ اس سیکولر فرنٹ کی قیادت کے لیے کانگریس کے مقامی صدر اور سابق رکن اسمبلی ایڈوکیٹ عبدالرشید طاہر مومن کو چیئرمین، سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ کو کنوینر اور این سی پی کے صدر شعیب خان گڈو کو شریک کنوینر مقرر کیا گیا ہے ۔ فرنٹ کے اعلان کے موقع پر سماجوادی پارٹی کے ریاستی نائب صدور اجے یادو، کبیر موریہ اور فاروق گھوشی بھی موجود تھے۔
میونسپل کارپوریشن کے کل۹۰؍ اراکین میں کانگریس کے ۳۰؍ ، این سی پی (شرد ) کے۱۲؍ اور سماجوادی پارٹی کے۶؍ کارپوریٹر شامل ہیں۔ اس طرح تینوں جماعتوں کے پاس مجموعی طور پر۴۸؍ اراکین کی واضح اکثریت موجود ہے جو میئر کے انتخاب کے لیے کافی سمجھی جا رہی ہے۔ اسی عددی برتری کی بنیاد پر تینوں جماعتوں نے سیکولر اتحاد قائم کیا ہے۔
سیکولر فرنٹ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بھیونڈی کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں ایک تاریخی مینڈیٹ دیا ہے۔ سیکولر نظریہ رکھنے والی جماعتوں کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب بنانا شہر کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار لمحہ ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ جمہوریت کی جیت ہے اور اسی عوامی مینڈیٹ کے احترام میں ’بھیونڈی سیکولر فرنٹ‘ وجود میں آیا ہے۔ عہدیداروں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ بھیونڈی کا اگلا میئر سیکولر فرنٹ ہی کا ہوگا۔اس موقع پر رکن اسمبلی رئیس شیخ نے کہا کہ عوام نے سیکولر جماعتوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اتحاد اسی عوامی اعتماد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرنٹ کی بنیاد یکجہتی، بھائی چارہ اور شہری ترقی پر ہے اور شہر میں کسی بھی قسم کی سیاسی خرید و فروخت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔رئیس شیخ نے مزید بتایا کہ اس اتحاد کو سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو، ریاستی صدر ابو عاصم اعظمی، کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال اور این سی پی (شرد پوار گروپ) کے مقامی رکن پارلیمنٹ سریش مہاترے کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر ابو عاصم اعظمی نے میونسپل کارپوریشن سے متعلق تمام فیصلوں کے اختیارات تحریری طور پر ان کے سپرد کر دیے ہیں۔تاہم سیاسی مبصرین کے مطابق سیکولر میئر کیلئے فرنٹ کا قیام ضروری نہیں ہے۔ زعفرانی طاقتیں سیکولر اتحاد کو سبوتاژ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ جب تک میئر کا انتخاب نہیں ہوجاتا ہے کچھ بھی ممکن ہے۔ ماضی کے تجربات ایک مرتبہ پھر دہرانے کی سازشیں جاری ہیں۔