میئر کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میںبھاری گاڑیوں پر روک، غیر قانونی گاڑیوں پر پابندی اور پارکنگ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
EPAPER
Updated: March 07, 2026, 12:20 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
میئر کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میںبھاری گاڑیوں پر روک، غیر قانونی گاڑیوں پر پابندی اور پارکنگ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہر میں مسلسل بڑھتے ٹریفک جام اور بے ہنگم ٹریفک نظام کے پیش نظر بھیونڈی نظامپور میونسپل کارپوریشن میں ایک اہم اور ہنگامی میٹنگ منعقد کی گئی جس کی صدارت میئر نارائن چودھری نے کی۔ میٹنگ میں شہر میں ٹریفک کے بگڑتے نظام پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میئر نے میونسپل انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو واضح الٹی میٹم دیا کہ اگر مسئلہ کا فوری اور مؤثر حل نہیں نکالا گیا تو وہ خود سڑکوں پر اتر کر شہر میں داخل ہونے والی بھاری گاڑیوں کو روکیں گے۔
میئر نارائن چودھری کی صدارت میں منعقدہ اس میٹنگ میں ڈپٹی میئر طارق مومن، رکن اسمبلی مہیش چوگھلے ، میونسپل کمشنر انمول ساگر اور پولیس محکمہ کے اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران شہر میں بڑھتے ٹریفک دباؤ اور اس کی بنیادی وجوہات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔میئر نے اس موقع پر کہا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے اب تک انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کئے گئے اقدامات مؤثر ثابت نہیں ہوئے، جس کی وجہ سے شہریوں کو روزانہ شدید ٹریفک جام اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر پرمٹ چلنے والے آٹو رکشا اور دیگر گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے باوجود انہیں رکھنے کے لئے مناسب جگہ نہ ہونا بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔میٹنگ میں یہ بات سامنے آئی کہ شہر میں پارکنگ زون کی کمی، سڑکوں اور پر فٹ پاتھ پر ہاکروں کا قبضہ، مختلف علاقوں میں جاری سڑک کی کھدائی کے کام اور بھاری گاڑیوں کے لئے فلائی اوور بند ہونا ٹریفک جام کی بڑی وجوہات بن چکے ہیں۔
میئر نے بغیر پرمٹ رکشا کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرنے اور انہیں ضبط کر کے رکھنے کے لئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے الگ مقام فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ سڑک کھودنے کے کسی بھی کام کے لئے ٹریفک پولیس کی پیشگی اجازت لازمی ہوگی تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔ ضبط شدہ گاڑیوں کو رکھنے کے لئے بھوئی واڑہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں جگہ فراہم کی جائے گی جبکہ اس کی نگرانی اور حفاظت کی ذمہ داری میونسپل کارپوریشن کے پاس ہوگی۔
میئر نارائن چودھری نے اس بات پر زور دیا کہ شہر کو ٹریفک جام سے نجات دلانا میونسپل کارپوریشن اور پولیس دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دن کے وقت شہر میں داخل ہونے والی بھاری (ہیوی)گاڑیوں پر پابندی عائد کی جائے، بصورت دیگر وہ خود سڑکوں پر بیریکیڈ لگا کر ایسی گاڑیوں کا راستہ روکنے پر مجبور ہوں گے۔