افسران اور ملازمین سمیت ۵؍ افراد اور کمپنی کے خلاف نارپولی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج۔
EPAPER
Updated: November 02, 2026, 11:29 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
افسران اور ملازمین سمیت ۵؍ افراد اور کمپنی کے خلاف نارپولی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج۔
مانکولی ناکہ اور انجور گاؤں میں واقع ایونیو سپرمارٹ کے گوداموں پر محکمہ خوراک و ادویات (ایف ڈی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے ایکسپائرشدہ، خراب اور پیکنگ سے متاثرہ غذائی اشیاء کا ذخیرہ پکڑا ہے۔ محکمہ نے۲۸؍ ہزار۵۰۴؍ روپے مالیت کا سامان ضبط کیا ہے۔ اس معاملے میں کمپنی کے متعلقہ افسران اور ملازمین سمیت پانچ افراد اور کمپنی کے خلاف نارپولی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف ڈی اے کی جانچ میں سفولا، جیمِنی، فارچیون اور دیگر کمپنیوں کے خوردنی تیل سمیت کئی ایسی اشیاء پائی گئیں جن کی میعاد ختم ہوچکی تھی یا وہ خراب حالت میں تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: میونسپل کارپوریشن کی آلودگی سے پاک دیوالی کی اپیل
ایف ڈی اے کی جوائنٹ کمشنر کستوری چپلونکر کی شکایت کے مطابق، ان اشیاء کو مبینہ طور پر دوبارہ فروخت کے لیے بازار میں بھیجنے کی تیاری تھی جس سے صارفین کی صحت کو خطرہ لاحق ہوسکتا تھا۔ شکایت میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ خراب اشیاء کو تلف کرنے کے دوران سرکاری ضابطوں اور ضروری کارروائی کی پابندی نہیں کی گئی۔
اس معاملے میں گودام منیجر وِدیا دھر شنتارے ، ایریا منیجر ارون گوئلکر، کمپنی کے نمائندے رام چندر راول، ہریانہ کی کمپنی کے این پی اریزیز گرین انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ اور اس کے ڈائریکٹر ایلوِن ایلیاس ماچاڈو کو ملزم بنایا گیا ہے۔ پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتا اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ فی الحال کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔