کم دھوئیں اور کم آواز والے پٹاخوں کے استعمال پر زور،خاموشی والے علاقوں میں آتش بازی پر پابندی۔
EPAPER
Updated: November 02, 2026, 11:25 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
کم دھوئیں اور کم آواز والے پٹاخوں کے استعمال پر زور،خاموشی والے علاقوں میں آتش بازی پر پابندی۔
دیوالی کے موقع پر فضائی آلودگی اور شور میں اضافے کو روکنے کیلئے بھیونڈی میونسپل کارپوریشن نے شہریوں سے آلودگی سے پاک اور محفوظ دیوالی منانے کی اپیل کی ہے۔ انتظامیہ نے کم دھواں اور کم آواز پیدا کرنے والے پٹاخوں کے استعمال پر زور دیتے ہوئے خاموشی والے علاقوں میں آتش بازی سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پٹاخوں کی فروخت کرنے والوں کو بھی حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر نینا سسانے کی صدارت میں مختلف محکموں کے افسران اور پٹاخہ فروشوں کی مشترکہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں دیوالی کے دوران آلودگی پر قابو پانے، پٹاخوں کی فروخت کے لیے مقررہ مقامات اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: اپوزیشن نے احتجاج کو دوسری جنگ آزادی قرار دیا
میٹنگ میں پٹاخہ فروشوں کو ہدایت دی گئی کہ دکانیں لگانے سے قبل ضروری لائسنس حاصل کرنے کے ساتھ فائر بریگیڈ اور پولیس محکمے سے این او سی بھی حاصل کریں۔ ہر دکان کے باہر آگ بجھانے کے آلات رکھنا لازمی ہوگا۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے ۱۵؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو جاری کردہ ہدایات پر تمام مقامی بلدیاتی اداروں اور پٹاخہ فروشوں کو عمل کرنا ہوگا۔
میونسپل انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تہوار کی خوشی میں ماحول اور دوسروں کی صحت کا خیال رکھیں اور ایسے پٹاخوں سے گریز کریں جن سے زیادہ دھواں اور شور پیدا ہوتا ہے۔ خاص طور پر خاموشی والے علاقوں میں پٹاخے نہ پھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اس کے علاوہ اسکولوں اور کالجوں میں آلودگی سے پاک دیوالی کے تعلق سے بیداری مہم چلائی جائے گی، تاکہ بچوں میں ماحول کے تحفظ اور فضائی آلودگی کے نقصانات کے بارے میں شعور پیدا کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ اس سال دیوالی کا تہوار۶؍ سے۱۱؍ نومبر تک منایا جائے گا۔