یہاں باغ فردوس علاقے میں واقع ایمپیتھی نامی ایک پرائیویٹ اسپتال میں جمعرات کو شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی جس سے اسپتال میں کچھ دیر کے لئے ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔
EPAPER
Updated: June 11, 2026, 11:23 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
یہاں باغ فردوس علاقے میں واقع ایمپیتھی نامی ایک پرائیویٹ اسپتال میں جمعرات کو شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی جس سے اسپتال میں کچھ دیر کے لئے ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔
یہاں باغ فردوس علاقے میں واقع ایمپیتھی نامی ایک پرائیویٹ اسپتال میں جمعرات کو شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی جس سے اسپتال میں کچھ دیر کے لئے ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔ تاہم فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی اور اسپتال انتظامیہ کی مستعدی کے نتیجے میں آگ پر فوری قابو پالیا گیا اور ایک ممکنہ بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔اطلاعات کے مطابق اسپتال کی پہلی منزل پر نصب جنریٹر میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے بعد شارٹ سرکٹ ہوا جس سے آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی مرحلے میں جنریٹر سے اٹھنے والا دھواں تیزی سے عمارت کے مختلف حصوں میں پھیل گیا جبکہ چند لمحوں میں آگ کے شعلے بھی نمایاں ہونے لگے۔ دھواں پھیلنے کے باعث مریضوں، ان کے اہل خانہ اور اسپتال کے عملے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
واقعے کے فوراً بعد اسپتال انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے زیرِ علاج مریضوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور متاثرہ حصے کو خالی کرا لیا۔ عملے کی بروقت کارروائی کے باعث انخلا ءکا عمل منظم انداز میں مکمل ہوا اور کسی قسم کی بھگدڑ یا ناخوشگوار صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ۲؍ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ اہلکاروں نے فوری طور پر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی اور آگ پر قابو پا لیا۔ حکام کے مطابق آگ کو اسپتال کے دیگر حصوں تک پھیلنے سے روک لیا گیا جس کے باعث بڑے پیمانے پر نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق اس واقعے میں کسی مریض، تیماردار یا ملازم کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ تاہم جنریٹر اور اس سے ملحقہ حصے کو مالی نقصان پہنچا ہے جس کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ ابتدائی جانچ میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ اور تکنیکی خرابی کو قرار دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اس واقعے نے ایک بار پھر طبی اداروں میں فائر سیفٹی نظام، برقی تنصیبات کی باقاعدہ جانچ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے انتظامات کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق حساس نوعیت کے اداروں خصوصاً اسپتالوں،اسکولوں ،کوچنگ سینٹروں، سنیما گھروں اور دیگر مقامات میں حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل درآمد ایسے واقعات کے خطرات کو کم کرنے کے لئے ناگزیر ہے۔