ہائی کورٹ کی ہائی پاور کمیٹی کی ہدایت پر کارروائی۔ ۱۹۲؍ تعمیراتی منصوبے بھی نشانے پر۔
EPAPER
Updated: October 30, 2026, 10:52 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
ہائی کورٹ کی ہائی پاور کمیٹی کی ہدایت پر کارروائی۔ ۱۹۲؍ تعمیراتی منصوبے بھی نشانے پر۔
شہر میں بڑھتی فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے میونسپل کارپوریشن اور مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ نے کارروائی تیز کردی ہے۔ ہائی کورٹ کی ہائی پاور کمیٹی کی سخت ہدایات کے بعد آلودگی پھیلانے والی صنعتی اکائیوں، تعمیراتی منصوبوں اور بیکریوں میں لکڑیوں کے استعمال کے خلاف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس کے باوجود شہر میں آلودگی کی سطح کم ہوتی نظر نہیں آرہی ہے جس سے انتظامیہ کی کوششوں کے نتائج پر سوال اٹھ رہے ہیں۔
مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ کے کلیان دفتر نے شہر کی۲۲؍ ٹیکسٹائل سائزنگ اور۷؍ ڈائنگ اکائیوں سمیت ۲۹؍ صنعتی یونٹوں کو بندش کے نوٹس جاری کئے ہیں۔ شہر میں مجموعی طور پر۷۴؍ سائزنگ اور۵۵؍ ڈائنگ اکائیاں کام کررہی ہیں۔ دوسری جانب تعمیراتی مقامات پر دھول اور مٹی سے پھیلنے والی آلودگی روکنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کے ٹاؤن پلاننگ محکمہ اور پانچوں وارڈ کمیٹیوں نے۱۹۲؍ تعمیراتی منصوبوں کو نوٹس جاری کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:احتجاجی مظاہروں پر پولیس کی جانب سے شوکاز نوٹس
بیکریوں کی مہلت ختم، کارروائی کا انتظار
بیکریوں میں لکڑیوں کے استعمال سے ہونے والی آلودگی روکنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کے لائسنسنگ محکمہ نے۳۲؍ بیکریوں کو ایک ماہ کے اندر پی این جی گیس یا الیکٹرک اوون اپنانے کی ہدایت دی تھی۔ مقررہ مدت ختم ہوچکی ہے لیکن اب ان بیکریوں کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی، یہ دیکھنا اہم ہوگا۔
سڑکوں کی صفائی اور دھلائی کا منصوبہ
میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر وکرم دراڑے کے مطابق شہر میں سڑکوں کی صفائی کے ساتھ آر سی سی سڑکوں اور فلائی اوور کی دھلائی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس کیلئے ہائی پریشر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے پانی کا استعمال کیا جائے گا۔ فی الحال اہم سڑکوں پر سوئپنگ مشینوں کے ذریعے صفائی کی جارہی ہے جبکہ دھول کو دبانے کیلئے فوگر مشینیں اور اسپرنکلر لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔