۲؍ لاکھ مربع فٹ میں پھیلے قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کےگوداموں میںرکھا کروڑوں روپے کا سامان جل کر راکھ ہوگیا،۹؍گھنٹوںکےبعد آگ پر قابو پایا جا سکا
EPAPER
Updated: May 13, 2025, 12:03 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
۲؍ لاکھ مربع فٹ میں پھیلے قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کےگوداموں میںرکھا کروڑوں روپے کا سامان جل کر راکھ ہوگیا،۹؍گھنٹوںکےبعد آگ پر قابو پایا جا سکا
یہاں شہر سے ملحق گودام کے علاقے وڈپے میں واقع رِچ لینڈ کمپلیکس کے وسیع علاقے میں گودام میں پیر کی علی الصباح اچانک لگنے والی شدید آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کمپلیکس کو اپنی زد میں لے لیا۔ اس ہولناک آگ کے نتیجے میں کمپلیکس میں تقریباً۲؍ لاکھ مربع فٹ میں پھیلے ۲۲؍گودام مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئے،جبکہ گوداموں میں ذخیرہ شدہ کروڑوں روپے مالیت کا سامان بھی مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
آگ لگنے کا واقعہ اور اس کی شدت
عینی شاہدین کے مطابق آگ علی الصباح تقریباً ۳؍ بجے گودام نمبر ڈی ۷؍میں لگی، جس نے لمحوں میں اردگرد کے دیگر گوداموں کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ گوداموں میں بڑی مقدار میں کپڑے، جوتے، کیمیکل، الیکٹرانک اشیاء، پرنٹنگ مشینیں، پروٹین پاؤڈر، کاسمیٹکس اور دیگر آتش گیر مواد ذخیرہ کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی اور شدت اختیار کر گئی۔آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دھویں کا گہرا غبار ۸؍سے ۱۰؍ کلومیٹر کے فاصلے تک نظر آ رہا تھا۔ تقریباً ۲؍ لاکھ مربع فٹ پر پھیلا یہ صنعتی کمپلیکس دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں کی زد میں آ گیا۔
فائر بریگیڈ کی تاخیر اور پانی کی قلت
آگ لگنے کی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ کو دی گئی، تاہم گودام میں کام کرنے والے ملازمین اور منیجرز نے الزام عائد کیا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تقریباً ۲؍ گھنٹے کی تاخیر سے جائے وقوعہ پر پہنچیں، جس کے باعث آگ مزید پھیل گئی۔ دریں اثناءفائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ صبح ۳؍بجکر ۹؍ منٹ پر اطلاع موصول ہوتے ہی ٹیم روانہ ہو گئی تھی لیکن کمپلیکس میں پانی کی شدید قلت اور جگہ کی تنگی کے باعث آگ بجھانے کے کام میں رکاوٹیں پیش آئیں۔ بالآخر ۹؍گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔
جانی نقصان نہیں، مگر مالی تباہی شدید
خوش قسمتی سے گوداموں میں کام کرنے والے ملازمین کی بروقت ہوشیاری کی وجہ سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ متاثرہ کمپنیاں اور ادارے رچ لینڈ کمپلیکس میں متعدد معروف کمپنیاں اور ویئرہاؤسز اپنے گودام چلاتی تھیں، جن میں کے کے انڈیا پیٹرولیم اسپیشیلٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ، کینن انڈیا، برائٹ لائف کیئر، ہولی سول اور ایبٹ ہیلتھ کیئر جیسی کمپنیوں کے نام شامل ہیں۔ ان گوداموں میں بڑے پیمانے پر کیمیکل، مشینری، غذائی اشیاء، فیشن مصنوعات، سجاوٹی سامان اور فرنیچر ذخیرہ کیا گیا تھا۔
برائٹ لائف کیئر کمپنی کے منیجر دھرمندر کمار کے مطابق ’’اگر فائر بریگیڈ بروقت پہنچ جاتی تو ہمارا ۴۵؍ہزار مربع فٹ پر پھیلا ہوا گودام بچایا جا سکتا تھا۔ بدقسمتی سے پورا گودام جل کر خاک ہو گیا۔‘‘ دریں اثنا آگ لگنے کی اصل وجوہات کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔