ہیڈنگلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنا کر ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے کئی نئے ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ آئیے کچھ ایسے ہی ریکارڈس پر ایک نظر ڈالتے ہیں
EPAPER
Updated: July 01, 2025, 8:55 PM IST | Headingley
ہیڈنگلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنا کر ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے کئی نئے ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ آئیے کچھ ایسے ہی ریکارڈس پر ایک نظر ڈالتے ہیں
۲: اب تک صرف ۲؍ وکٹ کیپر بلے بازوں نے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کی ہیں۔ پنت نے ہیڈنگلے میں ایسا کرنے سے پہلے اینڈی فلاور نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا جب انہوں نے۲۰۰۱ء میں ہرارے میں جنوبی افریقہ کے خلاف ناٹ آؤٹ۱۴۱؍ اور ۱۹۹؍رن بنائے تھے۔
ایک: پنت انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے پہلے ہندوستانی بلے باز بن گئے۔ مجموعی طور پر وہ انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ میں دو سنچریاں بنانے والے ۹؍ویں غیر ملکی بلے باز ہیں۔ وہ۲۰۱۹ء میں اسٹیون اسمتھ کے بعد ایسا کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔
۵: ہیڈنگلے ٹیسٹ میں ہندوستان کی طرف سے کل ۵؍ سنچریاں اسکور کی گئی ہیں۔ یشسوی جیسوال، شبھمن گل اور پنت نے پہلی اننگز میں سنچریاں بنائیں جبکہ کے ایل راہل اور پنت نے اب تک دوسری اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ ہندوستان کے لیے کسی ٹیسٹ میچ میں یہ پہلا موقع ہے جب اس کی جانب سے ۵؍ سنچریاں اسکور کی گئی ہیں۔اب تک صرف ۵؍ بار ایسا ہوا ہے کہ کسی ٹیم نے ٹیسٹ میچ میں ۵؍ سنچریاں بنائی گئی ہیں۔
۲۵۲: پنت نے ہیڈنگلے میں دونوں اننگز میں مجموعی طور پر۲۵۲؍ رن بنائے، جو کسی ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی وکٹ کیپر کی طرف سے بنائے گئے سب سے زیادہ رن ہیں۔ انہوں نے۱۹۶۴ء میں چنئی میں انگلینڈ کے خلاف بدھی کنڈرن کے بنائے گئے۲۳۰؍ رن کو پیچھے چھوڑ دیا۔چوتھی بار کسی وکٹ کیپر نے ۲۵۲؍رن بنائے ہیں۔ پنت کے اوپر ۳؍بار اینڈی فلاور نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
۸: پنت کے نام پر اب کل ۸؍ ٹیسٹ سنچریاں ہیں۔ صرف ایڈم گلکرسٹ(۱۷) اور اینڈی فلاور(۱۲) نے بحیثیت وکٹ کیپر زیادہ ٹیسٹ سنچریاں اسکور کی ہیں۔
۳: کے ایل راہل نے انگلینڈ میں ۳؍ ٹیسٹ سنچریاں اسکور کی ہیں۔ انگلینڈ میں کسی بھی ہندوستانی اوپنر کی جانب سے یہ سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں ہیں۔ اس سے قبل وجے مرچنٹ، سنیل گاوسکر، روی شاستری اور راہل دراوڑ نے ۲۔۲؍ سنچریاں اسکور کی تھیں۔
۴:پنت کی انگلینڈ میں ۴؍ ٹیسٹ سنچریاں کسی بھی وکٹ کیپر کی مشترکہ سب سے زیادہ سنچریاں ہیں۔ وہ ایلیک اسٹیورٹ اور میٹ پرائر کے ساتھ یہ ریکارڈ شیئر کرتے ہیں۔ پنت اب کسی بھی ملک میں غیر ملکی وکٹ کیپر کے ذریعہ سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
۹: پنت نے ہیڈنگلے میں دونوں اننگز میں مجموعی طور پر ۹؍ چھکے لگائے جو کہ انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ میں کسی بھی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ ہے۔ اینڈریو فلنٹوف نے۲۰۰۵ء میں برمنگھم میں آسٹریلیا کے خلاف ۹؍ چھکے اور بین اسٹوکس نے۲۰۲۳ء میں لارڈس میں آسٹریلیا کے خلاف ۹؍ چھکے لگائے۔