بھیونڈی -تھانے روڈ پر واقع کشیلی کھاڑی کے قریب چامونڈا کمپلیکس کے فرنیچر مارکیٹ میں جمعرات کی صبح تقریباً۱۱؍ بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس حادثے میں مجموعی طور پر۱۷؍ دکانیں جل کر مکمل طور پر خاکستر ہو گئیں، جس سے دکانداروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
بھیونڈی -تھانے روڈ پر واقع کشیلی کھاڑی کے قریب چامونڈا کمپلیکس کے فرنیچر مارکیٹ میں جمعرات کی صبح تقریباً۱۱؍ بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس حادثے میں مجموعی طور پر۱۷؍ دکانیں جل کر مکمل طور پر خاکستر ہو گئیں، جس سے دکانداروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔عینی شاہدین کے مطابق آگ کی شروعات کمپلیکس کی نچلی منزل پر واقع ایک دکان سے ہوئی، جو تیزی کے ساتھ اوپری منزل اور اطراف کی دیگر دکانوں تک پھیل گئی۔ آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قریب سے گزرنے والی میٹرو لائن کے ستون بھی دھوئیں اور حرارت کے باعث سیاہ پڑ گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھیونڈی فائر بریگیڈ کی دو اور تھانہ فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے تقریباً دو گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔آگ کے دوران دکانداروں اور مزدوروں نے اپنی مدد آپ کے تحت اوپری منزل پر رکھے تیار فرنیچر کو بچانے کی کوشش کی اور بڑی تعداد میں سامان سڑک پر منتقل کیا، جس سے کسی حد تک نقصان کم ہوا۔ اس کے باوجود کئی دکانوں میں رکھا قیمتی فرنیچر اور دیگر سامان جل کر راکھ ہو گیا۔خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔