میونسپل کارپوریشن کی حدود میں ممنوعہ مانگور مچھلی کی فروخت اور ذخیرہ کئے جانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد متعلقہ محکموں کی مشترکہ کارروائی میں۱۷۵؍ کلو ممنوعہ مانگور مچھلی ضبط کی گئی۔
EPAPER
Updated: September 22, 2026, 11:50 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
میونسپل کارپوریشن کی حدود میں ممنوعہ مانگور مچھلی کی فروخت اور ذخیرہ کئے جانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد متعلقہ محکموں کی مشترکہ کارروائی میں۱۷۵؍ کلو ممنوعہ مانگور مچھلی ضبط کی گئی۔
میونسپل کارپوریشن کی حدود میں ممنوعہ مانگور مچھلی کی فروخت اور ذخیرہ کئے جانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد متعلقہ محکموں کی مشترکہ کارروائی میں۱۷۵؍ کلو ممنوعہ مانگور مچھلی ضبط کی گئی۔ کارروائی کے دوران دکان کے علاوہ وہاں کھڑی ایک پک اَپ گاڑی سے بھی بڑی مقدار میں مانگور مچھلی برآمد ہونے سے معاملے کی سنگینی سامنے آئی ہے۔
ضلع سطح کی مانگور مچھلی خاتمہ کمیٹی کو ممنوعہ مچھلی کی فروخت کی شکایت موصول ہونے کے بعدگزشتہ روز کونڈاجی واڑی علاقے میں واقع عمران فش شاپ پر چھاپہ مارا گیا۔ ابتدائی تلاشی کے دوران دکان میں روہو، پنگیشیئس اور روپ چند مچھلی کے درمیان ۲؍ مانگور مچھلیاں، جن کا مجموعی وزن ۴ء۴؍کلو تھا برآمد ہوئیں۔اسی دوران مقامی افراد سے موصول اطلاع کی بنیاد پر دکان کے سامنے کھڑی مہندرا بولیرو پک اَپ گاڑی نمبر ایم ایچ ۰۴۔ایچ ایس ۱۲۶۶؍ کی تلاشی لی گئی۔
یہ بھی پڑھئے:انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی مہم کا برا حال
گاڑی میں موجود ۸؍ نیلے ڈرموں میں سے ۳؍ڈرم میں ۱۷۱؍ کلو مانگور مچھلی پائی گئی۔ اس طرح دکان اور گاڑی سے مجموعی طور پر ۱۷۵؍ کلو مچھلی ضبط کی گئی۔ضبط شدہ مچھلی کو رام نگر، چاوِندرہ واقع ٹھوس کچرا انتظام مرکز میں مقررہ طریقہ کار کے مطابق تلف کردیا گیا۔ معاملے میں مچھلی فروش عمران قریشی کے خلاف شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے جبکہ پک اَپ گاڑی کی ملکیت اور اس میں مچھلی لائے جانے کے سلسلے میں پولیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔یہ کارروائی محکمہ ماہی گیری تھانے-پال گھر، بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن اور شانتی نگر پولیس کی مشترکہ ٹیم نے انجام دی۔ ممنوعہ مچھلی کی اتنی بڑی مقدار میں برآمدگی نے شہر میں اس کی غیرقانونی خرید و فروخت اور ذخیرہ اندوزی پر نگرانی کے نظام کو بھی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔