Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی میں استعمال کی میعاد ختم ہو چکے آٹے کا بڑا ذخیرہ ضبط، کیس درج

Updated: June 28, 2026, 11:57 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن(ایف ڈی اے)نے بھیونڈی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ۵؍ لاکھ ۱۸؍ ہزار روپے مالیت کا ایسا آٹا ضبط کیا ہے جس کے استعمال کی میعاد ختم ہو چکی تھی۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

ریاست بھر میں ملاوٹ اور میعاد ختم شدہ اشیائے خورد و نوش کے خلاف جاری سخت مہم کے تحت فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن(ایف ڈی اے)نے بھیونڈی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ۵؍ لاکھ ۱۸؍ ہزار روپے مالیت کا ایسا آٹا ضبط کیا ہے جس کے استعمال کی میعاد ختم ہو چکی تھی اور جسے مبینہ طور پر دوبارہ بازار میں فروخت کیلئے لے جایا جا رہا تھا۔ 
موصولہ اطلاعات کے مطابق فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے اسسٹنٹ کمشنر سنتوش سروسیہ اور فوڈ سیفٹی افسران کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ میعاد ختم شدہ آٹے کی ایک بڑی کھیپ گجرات کے بھج شہر میں فروخت کے لئے روانہ کی جا رہی ہے۔ 
اطلاع ملنے پر فوڈ سیفٹی محکمہ کی ٹیم نے نظام پور پولیس کے تعاون سے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ ٹرک( نمبر GJ-39-TA-6827 )کو روک کر اس کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران ٹرک سے مختلف کمپنیوں کے ناموں سے پیک کیا گیا تقریباً ۹؍ٹن آٹا برآمد ہوا، جس کی استعمال کی میعاد ختم ہو چکی تھی اور متعدد پیکٹ بھی پھٹے ہوئے تھے۔ 
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اس آٹے کو دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کرنے کے مقصد سے منتقل کیا جا رہا تھا۔ فوڈ سیفٹی محکمہ کی شکایت پر پولیس نے بھج گجرات کے رہنے والے ٹرک ڈرائیور فاروق خلیفہ (۲۶) اور اس معاملے کے دیوان شاہ درگاہ علاقے کے مبینہ دلال فرحان انصاری (۳۱) کے خلاف کیس درج کرکے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران فوڈ سیفٹی محکمہ نے بھیونڈی کے مختلف علاقوں میں میعاد ختم شدہ اور غیر معیاری اشیائے خورد و نوش کی فروخت کے خلاف متعدد کارروائیاں انجام دی ہیں جس کے باعث اس غیر قانونی کاروبار سے وابستہ عناصر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK