اپنے مکان کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے محمد مزمل کا ہاتھ الیکٹرک پول سے چپک گیا اور اس کی موت ہو گئی۔
EPAPER
Updated: June 28, 2026, 1:10 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
اپنے مکان کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے محمد مزمل کا ہاتھ الیکٹرک پول سے چپک گیا اور اس کی موت ہو گئی۔
صنعتی شہر مالیگائوں کے تہذیب نگر علاقے میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا ہے۔ یہاں الیکٹرک پول میں کرنٹ اُتراہواتھااوراُسی پول میں ایک کمسن لڑکےکاہاتھ لگ جانے سےوہ اُس میں چپک گیا۔ پلک جھپکتے ہی اُس لڑکے کی موت واقع ہوگئی۔ متوفی کا نام محمدمزمل محمد آصف(۱۳)ہے۔
اس واقعہ سے تہذیب نگراوراطراف کے علاقے میں غم واندوہ کی لہردوڑگئی۔ مقامی افراد کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کو اُس وقت پیش آیا جب نماز مغرب کی ادائیگی کرکےمحمدمزمل اپنےمکان میں داخل ہورہاتھا۔ زینے سے اوپرچڑھنے کے دوران محمدمزمل کاہاتھ الیکٹرک پول سے لگ گیا۔ واقعہ کا علم ہوتے ہی مہلوک لڑکے کے والد محمد آصف اور اہل خانہ کی حالت غیر ہو گئی۔ اچانک پیش آئےاس واقعہ میں لڑکےکی موت واقع ہوگئی تھی۔ اس ضمن میں علاقے سے رُکن بلدیہ ڈاکٹر شیخ خالد اور سماجی کارکن شیخ شفیق نے لڑکے کے والدین اوراہل خانہ کی ڈھارس بندھائی۔ انہو ں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کمپنی کی تساہل کی وجہ سے الیکٹرک پول میں کرنٹ آیااورکمسن لڑکے کی موت واقع ہوئی ہے لہٰذاکمپنی کی جانب سےمتوفی کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیا جائے۔
یہ بھی پڑھئے: پھر پرچہ لیک، پھر امتحان رد، پہلے نیٹ اَب ٹیٹ
یاد رہے کہ مالیگائوں میں کرنٹ لگنے سے ہوئی موت کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ حالیہ دنوں میں اس طرح کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔ گزشتہ دنوں مزمل حسین نامی ایک شخص کی اسی طرح کرنٹ لگنے سے موت ہو گئی تھی۔ اس سے قبل ایک کم عمر لڑکا کھمبے سے چپک جانےکے سبب فوت ہو گیا تھا۔ اس پر مقامی باشندوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا جس کے بعد بجلی کمپنی کے خلاف معاملہ درج کیا گیا تھا۔