Inquilab Logo

بھیونڈی :ٹورینٹ پاور کمپنی کے خلاف زبردست احتجاج

Updated: July 22, 2023, 9:33 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

موسلادھار بارش کے باوجود سیکڑوں افرادنے کمپنی کی من مانی کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا

A huge protest march was taken out in Bhiwandi in the name of `Torrent Chale Jao`.
’ٹورینٹ چلے جاؤ‘ کے نام سے بھیونڈی میں زبردست احتجاجی مورچہ نکالا گیا۔

یہاں فرنچائزی طرز پر بجلی سپلائی کرنی والی ٹورینٹ پاور کمپنی پر متعدد سنگین الزامات عائد کرکے ’ٹورینٹ پاور اتیاچار ورودھی جن سنگھرش سمیتی‘ کی جانب سےجمعہ کو زبردست احتجاج کیا گیا۔ ٹورینٹ پاورکمپنی کے خلاف برہمی کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ موسلا دھار بارش کے باوجودسیکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے شیواجی چوک پر جمع ہوکر احتجاج کیا۔ان میں ایک بڑی تعداد خواتین کی بھی تھی۔
 ’ٹورینٹ چلے جاؤ ‘کے نام سے نکالا گیا یہ احتجاجی مورچہ سہ پہر۴؍بجے کے بعد شیواجی چوک سے روانہ ہوا۔احتجاجی مورچہ میں شامل سیکڑوں کی تعداد میں موجود مجمع فرنچائزی کمپنی کے خلاف فلگ شگاف نعرے لگاتا ہوا روانہ ہوا۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں بینر لئے ہوئے تھے جن پر ’ٹورینٹ کی تاناشاہی ،داداگیری نہیں چلے گی‘، ’جن جن جگانا ہے ٹورینٹ پاور کو بھگانا ہے‘، ’ٹورینٹ کمپنی بھیونڈی چھوڑو‘،’ٹورینٹ پاورمالی بدعنوانی کی جانچ کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل کرو‘جیسے نعرے لکھے ہوئے تھے۔یہ احتجاجی مارچ ونجار پٹی ناکہ سے ہوتے ہوئے پرانت آفس تک پہنچا۔جہاں مورچے کے کنوینر ایڈوکیٹ کرن چنے کی قیادت میں ایک وفد نے پرانت آفیسر سے مل کر انہیں عرضداشت پیش کی۔
 پرانت آفیسر کو عرضداشت دیکر  احتجاجی مورچہ آنند دیگھے چوک پر پہنچ کر ایک جلسہ عام میں تبدیل ہو گیا۔ جہاں مختلف پارٹیوں کے لیڈران اور سماجی کارکنان نے ٹورینٹ پاور کی زیادتیوں کا ذکر کرکے کمپنی کی مذمت کی اور کمپنی کو ’بھیونڈی سے چلے جاؤ ‘کا نعرہ دیا۔
  احتجاج میںکانگریس کے دیانند چورگھے، راکیش پاٹل، این سی پی (اجیت پوار )کی سواتی کامبلے،ایم آئی ایم کے کارگزار صدر شاداب عثمانی، شیوسینا(ادھو)کے تعلقہ پرمکھ کندن پاٹل،ارون پاٹل،کامریڈ وجے کامبلے، ایم این ایس کے سنجے پاٹل،آر پی آئی ایکتا وادی کے صدر وکاس نکم و دیگر لیڈران اورکارکنان شامل تھے۔ احتجاجی مورچہ کی قیادت کرنے والے ایڈوکیٹ کرن چنے نے انتباہ دیا کہ اگر ہمارے مطالبات پر مثبت طریقے سے عمل نہیں کیا گیا تو کمپنی کے خلاف مزید آندولن کیا جائے گا۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کمپنی صارفین کیخلاف جھوٹے مقدمات درج کرنا، شہریوں کو بلا وجہ ہراساں کرنا، شہریوں کیساتھ آمرانہ رویہ، زیادہ بجلی بل بھیجنا بند کرے۔ اسی کے ساتھ صارفین کی شکایت پر سنجیدگی سے غور کرکے اس کا تدارک کیا جائے۔
ٹورینٹ پاور کمپنی کا بیان
 اس سلسلے میں ٹورینٹ پاور کمپنی کے عوامی رابطہ افسر چیتن بادیانی نےکمپنی پر عائد  الزامات کی تردیدکی ہے۔ انہوں نے دہرایا کہ’   ٹورینٹ پاور کمپنی ایم ایس ای ڈی سی ایل کی فرنچائزی ہے۔ ایم ایس ای ڈی سی ایل کے ذریعہ بنائے گئے قوانین پر عمل کرنا اس کیلئے لازمی ہے۔  بجلی کی قیمتیں پورے مہاراشٹر میں ایک ہیںاور بجلی کی شرح میں اضافہ یا کمی ایم ای آر سی کی جانب سے کیا جاتا ہے کمپنی کااس میں کوئی کردار نہیں  ہے۔انہوں نے  بجلی صارفین  سے اپیل کی کہ کمپنی کے خلاف پھیلائی جارہی افواہوں پر دھیان نہ دیں ،بجلی صارفین کوبلوں میں کسی بھی طرح کا  شک و شبہ ہو تو وہ کسٹمر کیئر سے رابطہ کریں۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK