افسران کوگڑھوں کی فوری مرمت اور نکاسی آب کے اقدامات کی ہدایت۔
EPAPER
Updated: May 11, 2025, 11:36 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
افسران کوگڑھوں کی فوری مرمت اور نکاسی آب کے اقدامات کی ہدایت۔
انجور پھاٹا سے کالہیر اور وہاں سے تھانے تک جانے والی اہم شاہراہ اس وقت شدید خستہ حالی کا شکار ہے، جس سے عوام کو روزانہ کی بنیاد پر شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے، ٹوٹی ہوئی سطح اور نکاسی آب کی ناقص صورتحال مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ اس صورت حال کا ذمہ دار عوامی تعمیرات محکمہ (پی ڈبلیو ڈی )، ایم ایم آر ڈی اے اور میٹرو پروجیکٹ کے افسران کو قرار دیا جا رہا ہے جن کی لاپروائی اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے سبب سڑک کی حالت ابتر ہوئی ہے۔ مسلسل عوامی شکایات اور بڑھتی ہوئی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی رکن پارلیمان سریش مہاترے( بالیا ماما) نے متعلقہ افسران کے ہمراہ اس سڑک کا دورہ کیا اور موقع پر ہی مسائل کا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کالہیر، پورنا، ہولی میری کانوینٹ ہائی اسکول اور انجور پھاٹا جیسے گنجان آباد علاقوں میں سڑک کے کنارے نکاسی آب کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ میٹرو پروجیکٹ سے منسلک تعمیراتی عملے نے پرانے نالوں کے بہاؤ کو بند کر دیا ہے جس کی وجہ سے بارش کے دنوں میں پانی کی نکاسی نہیں ہو پاتی اور سیوریج کا گندا پانی سڑک پر جمع ہو جاتا ہے۔ اس کی وجہ سے نہ صرف گاڑی چلانے والوں کو دقت ہوتی ہے بلکہ مقامی مکینوں کو بھی روزانہ کی بنیاد پر مسائل کا سامنا ہے۔
رکن پارلیمنٹ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر متعلقہ اداروں نے فوری طور پر نکاسی آب کے نظام اور سڑک کی مرمت پر کام شروع نہ کیا تو مانسون کے دوران یہ سڑک کئی ماہ تک ناقابلِ استعمال رہے گی۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر موجودہ صورتحال کو درست کرنے کیلئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ معائنے کے اختتام پر محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران نے رکن پارلیمنٹ کو تحریری طور پر یقین دہانی کرائی کہ سڑک کی ازسرنو تعمیر، نکاسی آب اور سیوریج کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور تمام زیر التوا کام جلد مکمل کئے جائیں گے۔